بلوچستان میں بارش : لسبیلہ میں 4 افراد جاں بحق،لوگوں کی نقل مکانی


کوئٹہ : بلوچستان میں ہونے والی طوفانی بارشوں نے صوبے کے بعض علاقوں میں تباہی مچادی ہے جس کی وجہ سے تین گاؤں زیرآب آگئے ہیں، لسبیلہ کے سیلابی ریلے میں بہنے سے چار افراد جاں بحق ہو گئے جب کہ لوگوں کے مال مویشی پانی میں بہہ گئے ہیں، وہ نقل مکانی پر مجبور اور حکومتی امداد کے منتظر ہیں۔

بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں موسلا دھار بارشوں نے تباہی مچا دی اور مختلف دیہات زیر آب آگئے۔ لسبیلہ  کے گوٹھ حاجی قادر بخش میں چار افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے جن میں سے دو کی لاشیں نکال لی گئیں تاہم دیگر دو کی تلاش جاری ہے۔

جاں بحق ہونے والوں کی لاشیں سول اسپتال اوتھل منتقل کی گئیں جن کی شناخت سلیمان اور پنوں کے نام سے ہوئی۔

لسبیلہ میں سیلابی ریلے کے باعث اوتھل اور بیلہ کے درجنوں گاؤں متاثر ہوئے اور لوگوں کے مویشی اور دیگر سامان سیلابی ریلے میں بہہ گیا۔

لسبیلہ کی خراب صورتحال کے باعث رات گئے لوگوں نے نقل مکانی شروع کر دی جب کہ ریسکیو اہلکاروں نے سیلابی ریلے میں پھنسے 70 سے زائد افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔

فوٹو: ہم نیوز

ہم نیوز کے مطابق پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ہونے والی بارشوں کے سبب ہائی الرٹ جاری کررکھا ہے اورصوبہ بلوچستان میں خصوصی کنٹرول روم بھی قائم کیا ہے۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق لسبیلہ کے علاقے اوتھل کے مختلف مقامات پر سیلابی ریلہ داخل ہوا ہے جس کی وجہ سے بشوانی گوٹھ، پیرگوٹھ اورمیرانی گوٹھ  کے مکانات زیر آب آگئے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق ان علاقوں کے مکینوں کا ساز وسامان اورمال مویشی پانی میں بہہ گیا ہے جس کی وجہ سے وہ سخت سردی کے موسم میں حکومتی امداد کے منتظر بیٹھے ہیں۔

بلوچستان کے علاقے لاکھڑا سے موصولہ اطلاع کے مطابق بارش کے سبب شدید طـغیانی ہے اور تحصیل لاکھڑا کا صدر مقام اوتھل سے زمینی رابطہ بھی منقطع ہوگیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق پی ڈی ایم اے کی جانب سے قائم کیے گئے  کنٹرول روم سے صوبے بھر میں ہونے والی بارشوں کے نقصانات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

بلوچستان کے صوبائی وزیرضیا لانگو اور ڈی جی پی ڈی ایم خود کنٹرول روم کی نگرانی کررہے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ کسی بھی ناگہانی و ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہم پوری طرح تیار ہیں۔ ان کے مطابق بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا اندازہ لگا کرضروری امدادی سامان بھی روانہ کیا جارہا ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے کمشنر قلات کو فوری طور پر ہونے والے نقصانات کے ازالے کے لیے خوراک اور دیگر ضروری اشیا پر مشتمل امدادی سامان روانہ کردیا گیا ہے۔

ہم نیوز نے حب سے اطلاع دی ہے کہ ڈپٹی کمشنر لسبیلہ کا مؤقف ہے کہ  پورالی ندی پل بیلہ سلامت ہے۔ علاقہ ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ پورالی ندی اور کھانٹا ندی میں طغیانی ضرور ہے مگر کسی بھی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔

ڈپٹی کمشنر لسبیلہ کے مطابق حب اور اس سے ملحقہ علاقوں میں اسسٹنٹ کمشنرز اور تحصیلدار سمیت دیگر انتظامیہ مصروف عمل ہے اور عوام الناس کے جان و مال کے تحفظ کویقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے۔


متعلقہ خبریں