بنگلہ دیش میں آتشزدگی، 70سے زائدافراد جاں بحق

بنگلہ دیش میں آگ لگنے سے 70 سے زائد افراد جاں بحق

فوٹو: انٹرنیشنل میڈیا


ڈھاکہ: بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کی ایک عمارت میں آگ لگنے سے 70 سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ڈھاکہ کے تاریخی علاقے چوک بازار میں واقع عمارت میں اچانک آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ نے دیگر تین عمارتوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

بنگلہ دیش کے فائر سروس کے سربراہ علی احمد کے مطابق عمارت میں آگ لگنے کی وجہ گیس سلنڈر بتائی جا رہی تاہم ابھی کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

رہائشی عمارت میں کیمیکل کا گودام بھی واقع ہے جس کی وجہ سے ریسکیو اہلکاروں کو آگ بجھانے میں مشکلات پیش آئیں۔

دہلی کے ہوٹل میں آگ لگنے سے ہلاکتوں کی تعداد 17ہوگئی

ریسکیو اہلکاروں کے مطابق مقامی وقت کے مطابق آگ رات ساڑھے گیارہ بجے لگی جب کہ عمارت میں آگ لگنے کے باعث کئی افراد جھلس کر زخمی بھی ہو گئے ہیں۔

جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جب کہ جھلس کر زخمی ہونے والوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

عمارت میں ایک شادی کی تقریب بھی جاری تھی جس میں شرکت کے لیے آئے افراد بھی متاثر ہوئے۔

اسپتال ذرائع نے ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسپتال لائے گئے افراد میں متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

تین روز قبل بنگلہ دیش کے شہر چٹا گانگ کی بندر گاہ کے قریب کچی آبادی میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگ گئی تھی جس کی وجہ سے 8 افراد ہلاک اور 50 سے زائد افراد جھلس کر زخمی ہو گئے تھے۔

چٹا گانگ میں لگنے والی آگ نے 200 سے زائد گھروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔ ریسکیو اہلکاروں نے پانچ گھنٹوں کے بعد آگ پر قابو پایا تھا۔


متعلقہ خبریں