نیب نے آغا سراج درانی کے اثاثوں کی تفصیلات حاصل کر لیں

نیب نے آغا سراج درانی کے اثاثوں کی تفصیلات حاصل کر لیں

فوٹو: فائل


لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے اسیپکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے اثاثوں کی تفصیلات حاصل کرلیں۔

نیب ذرائع کے مطابق آغا سراج درانی کے اثاثوں کی مالیت 7 کروڑ 21 لاکھ 65 ہزار 919 روپے ہے۔

نیب کو حاصل دستاویزات کے مطابق اسپیکر سندھ اسمبلی کے پاس 159 ایکٹر زرعی زمین ہے جس پر صرف 2 لاکھ 90 ہزار 5 سو ٹیکس ادا کیا گیا جب کہ آغا سراج درانی نے زراعت سے ہونے والی آمدن 25 لاکھ 5 ہزار 750 روپے ظاہر کی ہے۔

ذرائع کے مطابق آغا سراج درنی کے پاس موجود پرائز بانڈز 1 کروڑ 48 لاکھ روپے جب کہ جیولری کی مالیت 75 لاکھ روپے ہے۔ آغا سراج درانی کے بینک اکاؤنٹس میں 3 کروڑ 17 لاکھ 55 ہزار، 919 روپے موجود ہیں۔

آغا سراج درانی کو گرفتاری کے بعد کراچی پہنچادیا گیا

دستاویزات کے مطابق آغا سراج درانی کے پاس موجود لگژری گاڑیوں کی مالیت 1 کروڑ 89 لاکھ 20 ہزار روپے ہے۔

ذرائع کے مطابق آغا سراج درانی کی جانب سے الیکشن کمشن کو جمع کرائے گئے اثاثوں کی مالیت کم ظاہر کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ آغا سراج درانی کو آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام میں گزشتہ روز نیب کی جانب سے حراست میں لیا گیا جب کہ آج احتساب عدالت کراچی نے آغا سراج درانی کو یکم مارچ تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔

قومی اسمبلی اجلاس میں بھی آغا سراج درانی کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیا گیا جب کہ متحدہ اپوزیشن کی جانب سے قومی اسمبلی میں شدید احتجاج کیا گیا اور اراکین نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھیں۔

اسپیکر سندھ اسمبلی کو ریڈ زون کے ایک ہوٹل سے گرفتار کیا گیا۔ نیب راولپنڈی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے نیب کراچی کی ٹیم کی معاونت کی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے آغا سراج درانی کی گرفتاری پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ہم بے نامی وزیراعظم کو بے وردی آمریت مسلط نہیں کرنے دیں گے، ایک وفاقی وحدت کے اسپیکر پر حملہ قابل قبول نہیں ہے، سندھ حکومت کو گرانے کیلئے یہ غیرجمہوری حملہ ہے۔


متعلقہ خبریں