مضر صحت کھانے سے 5 بچوں کی ہلاکت، فوڈ اتھارٹی کی رپورٹ جمع

مضر صحت کھانے سے 5 بچوں کی ہلاکت، فوڈ اتھارٹی کی رپورٹ جمع

فوٹو: فائل


کراچی:  سندھ فوڈ اتھارٹی نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو 5 بچوں کی زہریلے کھانے سے ہلاکت پر ابتدائی رپورٹ پیش کردی ہے۔

رپورٹ کے مطابق خاندان کوئٹہ سے آیا تھا اور صدر کے ایک ہوٹل میں رکا تھا۔ کوئٹہ سے کراچی سفر کے دوران متاثرہ خاندان نے خضدار اور حب میں کھانا کھایا تھا۔

خاندان نے پارسل بریانی لی تھی جو اپنے کمرے میں کھائی۔ بریانی کھانے کے بعد خاتون نے الٹیاں کرنا شروع کیں اور انکے شوہر انہیں آغا خان اسپتال لے گئے۔

مراد علی شاہ کو پیش کی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جب وہ صبح اپنی بیوی کو آغا خان اسپتال سے واپس ہوٹل کے کمرے میں پہنچے تو انکے 5 بچے، ایک رشتہ دار کمرے میں بے ہوش پڑے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: مضر صحت کھانا کھانے سے 5 بچے جاں بحق

سندھ فوڈ اتھارٹی نے ابتدائی رپورٹ میں بتایا ہے کہ بچوں کو اسپتال لے جایا گیا توتو ڈاکٹرز نے بچوں کی وفات کی تصدیق کی۔ رپورٹ میں درج ہے کہ فوڈ اتھارٹی نے ایک ریسٹورنٹ اور ہوٹل کے کمرے سے کھانے کے نمونے حاصل کیے ہیں جو ٹیسٹ کیلئے بھیج دیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر کراچی کو ہدایت کی ہے کہ وہ بچوں کے والدین سے خود جا کر ملیں، اگر متاثرہ خاندان واپس کوئٹہ جانا چاہتا ہے تو ان کے لیے بندوبست کیا جائے۔

مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ مجھے اس واقعہ سے دلی صدمہ ہوا، میں والدین کی تکلیف محسوس کر رہا ہوں متاثرہ خاندان کے ساتھ انصاف ہوگا۔

سندھ فوڈ اتھارٹی نے کہا ہے کہ ابھی تک پندرہ لوگ زیر تفتیش ہیں، ہوٹل سے بریانی کی دیگیں بھی ملی ہیں اور کھانے کے نمونے لے لیے گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہر کے چھ ہزار سے زائد ہوٹلوں کا معائنہ کیا جا چکا ہے۔

سیکرٹری صحت سعید اعوان نے  پوسٹ مارٹم کے لیے ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ پولیس، سرجن ڈاکٹر، اعجاز کھوکھر کی سربراہی میں ڈاکٹروں کی چار رکنی ٹیم سول اسپتال میں پوسٹ مارٹم کرے گی۔ ٹیم کے دیگر ارکان میں ایڈیشنل پولیس، سرجن سول اسپتال ڈاکٹر قرار عباسی، ڈاکٹر سمعیہ اور ڈاکٹر عارف میمن شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں