العزیزیہ ریفرنس، نواز شریف کی ضمانت کا فیصلہ پیر کو سنایا جائےگا

نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ، اٹارنی جنرل کا پنجاب حکومت کو خط

فوٹو: فائل


اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کی سزا کی معطلی کا فیصلہ 25 فروری کوسنایا جائے گا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کا دو رکنی بینچ نوازشریف کی العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں سزا کی معطلی کا فیصلہ پیر کو دن 12 بجے سنائے گا۔

نواز شریف نے اپنی درخواست میں طبی بنیادوں پر سزا معطل کرکے ضمانت پر رہا کرنے کی استدعا کر رکھی ہے جس کی نیب کی جانب سے مخالفت کی گئی تھی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم کی درخواست ضمانت پر20 فروری کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

واضح رہے کہ احتساب عدالت نے نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں سات سال قید کی سزا کے علاوہ  تقریباََ ایک ارب 50 کروڑ روپے کا جرمانہ اور جائیداد کی ضبطگی کا حکم دیا تھا۔

نواز شریف سزا سنائے جانے کے بعد سے کوٹ لکھپت جیل میں قید تھے جہاں سے انہیں علاج کے غرض سے جناح اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں بھی نوازشریف کو آٹھ سال قید کی سزا سنائی گئی تھی جس کے خلاف انہوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل کی تھی جسے منظور کرتے ہوئے عدالت نے گزشتہ سال 19 ستمبر کو رہائی کا حکم دیا تھا۔

سابق وزیراعظم کے خلاف سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں تین ریفرنسز بنائے گئے تھے جس میں سے دومیں احتساب عدالت کی جانب سے انہیں سزا سنائی گئی جبکہ ایک میں وہ بری ہوگئے۔


متعلقہ خبریں