اسلام آبادکار حادثہ: زخمی ہونے والی چوتھی لڑکی بھی دم توڑ گئی

فوٹو:ہم نیوز


اسلام آباد:وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر ایف سیون فور میں  پربت روڈ پر پیش آئے کار حادثے میں زخمی ہونے والی لڑکی نمرہ بھی دم توڑ گئی ہے جس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 4 ہوگئی ہے۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق 23 فروری 2018 کی صبح ایک کار برساتی نالی میں جاگری تھی ۔ کار میں 5 افراد سوار تھے۔ حادثے میں کارکی  پچھلی سیٹ پر بیٹھی تین لڑکیاں  موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں۔

لڑکا اور اگلی سیٹ پر بیٹھی لڑکی معجزاتی طور پر بچ گئے تھے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔

جاں بحق ہونے والی لڑکیوں کی شناخت نمرہ، رمشا، حنا اور ایشا جبکہ  زخمی لڑکے کی شناخت  حمزہ کے نام سے ہوئی تھی۔

پولیس نے تباہ حال کارکو برساتی نالے سے نکال لیا ہے۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس نے اپنی ابتدائی رپورٹ میں لکھا ہے کہ آج علی الصبح لگ بھگ سوادوبجے وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچے ۔ وہاں جاکر معلوم ہوا  کہ پربت روڈ پرمارگلہ روڈ کی طرف جاتے ہوئے ایک کارنالے کی پلی پر بے قابوہوکر ٹکرائی اور نالے میں جاگری۔ گاڑی کو رمشا نامی لڑکی چلارہی تھی جو موقع پر جاں بحق ہوگئی ۔  حادثے کی مزید وجوہات جاننے کے لیے پولیس کی تفتیش جاری ہے ۔

اس سے قبل رواں ماہ 3فروری کو اسلام آباد میں ہی  دو مختلف ٹریفک حادثات میں2افراد جاںبحق ہوگئےتھے۔  تھانہ کراچی کمپنی کے علاقے خیبر چوک کے قریب تیز رفتار سرکاری ایمبولینس کی ٹکر لگنے سے موٹر سائیکل پر سوار پولیس کانسٹیبل ساجد حسین جاں بحق ہوگیاتھا۔ جاں بحق اہلکار ساجد حسین ہری پور کا مستقل رہائشی تھا ۔

تھانہ بھارہ کہو کے علاقے میں ٹریفک حادثے میں کار سوار جاں بحق ہوگیا۔کار سوار کی اہلیہ  ثوبیہ بی بی نے پولیس کو بتایا تھاکہ وہ اپنے شوہر ندیم عباسی کے ساتھ کرولا کار میں سوار تھے کہ بدھ بازار کے قریب کیری ڈبہ  جس کو نعمان عباسی چلا رہا تھا نے ٹکر ماردی لیکن موقع پر معاملہ رفع دفعہ ہوگیا کچھ دیر بعد مدعیہ کے خاوند کو تکلیف شروع ہوگئی جس پر پمز ہسپتال لے کر گئے اسی دوران وہ جاں بحق ہوگیا پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا تھا۔


متعلقہ خبریں