آصف زرداری کا تحریک چلانے والا فیوز اڑا ہوا ہے، شیخ رشید


لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ شہباز شریف کے علاوہ کسی کو ڈھیل یا ڈیل کی بات کرتے نہیں دیکھا ہے۔ آصف زرداری کا تحریک چلانے والا فیوز اڑا ہوا ہے۔

شیخ رشید احمد نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کا ممبر ہوں لیکن ابھی خود اجلاسوں میں نہیں جا رہا ہوں۔ اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی گرفتاری پر کسی مکھی نے پر نہیں مارا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اقتدار سے اترتے ہی بیمار ہو جاتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ سزا ٹھیک ہے لیکن صحت سزا کاٹنے کے لیے ٹھیک نہیں ہے۔ نواز شریف کو کھلی ہوا چاہیے اور لال حویلی کی چھت کھلی ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ میں ایل این جی کیس میں وزیر اعظم عمران خان سے اجازت لے کر پیش ہوں گا کیونکہ وزیر ہوں اس لیے وزیر اعظم کی اجازت ضروری ہے۔

انہوں ںے کہا کہ میں اپنی قوم کا لیڈر ہوں تاہم بے وقوفوں کا لیڈر اس وقت ضمانت پر ہے۔

شیخ رشید کے ممبر پی اے سی بننے میں پی ٹی آئی کے اختلافات آڑے آگئے

وفاقی وزیر نے کہا کہ آصف علی زرداری چاہتے ہیں کہ ان کا کیس کراچی میں سنا جائے جب کہ شریف برادران اپنا کیس لاہور میں لگوانا چاہتے ہیں۔ کراچی اور لاہور میں مقدمات سننے کی بات پر کوئی تو وجہ ہو گی۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ پوری قوم کشمیریوں کے ساتھ ہے جب کہ مودی چار ریاستوں میں اپنی شکست کا بدلہ پاکستان سے لینا چاہتے ہیں۔ نریندر مودی آر ایس ایس کا شوٹر ہے اور وہ انتہا پسندوں کو بڑھاوا دے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر بھارت نے حملہ کیا تو پاکستان تمام قرض یکمشت ادا کرے گا۔ وزیر اعظم نے تینوں افواج کو بھر جواب دینے کی ہدایت کر دی ہے جب کہ سری نگر ہی نہیں یوپی کا مسلمان بھی میری آواز سنتا ہے۔

شیخ رشید احمد نے وی آئی پی ٹرین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وی آئی پی ٹرین کراچی کینٹ سے لاہور کینٹ تک چلانے کا فیصلہ کیا ہے جس کا کرایہ سات ہزار روپے ہو گا جب کہ کھانا مفت فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے کی اراضی کو کمپیوٹرازڈ کردیا گیا ہے اور اب تمام ریکارڈ اس سے معلوم کیا جاسکتا ہے۔ ملک بھر میں فریٹ ٹرینوں کا بھی جال بچھانے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ ان ٹرینوں کی تعداد 15 سے 30 کر دی ہے۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ اقتدار میں آنے کے بعد سو دنوں میں 20 ٹریںنیں چلائی ہیں اور رواں سال بھی 20 ٹرینیں چلائی جائیں گی۔

شیخ رشید احمد کی پریس کانفرنس کے جواب میں پیپلزپارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا ہے کہ شیخ رشید کے سیاسی تابوت سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) والے بھی تنگ ہیں۔ آصف علی زرداری پر تنقید کرکے شیخ رشید مراعات چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے تحریک چلائی تو شیخ رشید کے آقاؤں کو بھی لگ پتہ جائے گا جب کہ پی اے سی میں نہ لا کر پی ٹی آئی نے شیخ رشید کو شٹ اپ کال دی۔ شیخ رشید اب صرف ساسی گدا گر رہ گئے ہیں۔


متعلقہ خبریں