حکومت کی نیب قانون میں ترامیم لانے کے اپوزیشن کو پیشکش



اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما ریاض فتیانہ کا کہنا ہے کہ اپوزیشن نے اب تک نیب قانون میں ترمیم کے لیے کوئی تجویز پیش نہیں کی ہے،اگر یہ تجاویز پیش کریں تو ہم اس پر غور کریں گے۔

پروگرام پاکستان ٹونائٹ میں میزبان ثمرعباس سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما ریاض فتیانہ کا کہنا تھا کہ ملک میں چاہتے ہیں کہ احتساب کا غیرمتنازعہ ادارہ ہو، ایسا ادارہ ہو جو انتقامی کارروائیاں کرتا نظر نہ آئے، لیکن ملک میں احتساب ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگراپوزیشن کے پاس نیب قانون میں تبدیلی کے حوالے سے اچھی تجاویز ہیں تو ہم ان پرغور کریں گے۔

رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ اپوزیشن کی پالیسی ہے کہ  نیب ہمیں پکڑے تو اچھا ہے، عدالتوں کے فیصلوں میں بھی صرف حق میں ماننے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک چلانا اپوزیشن کا حق ہے، اگر وہ تحریک چلانا چاہتے ہیں توچلائیں لیکن انہوں نے اپنے اپنے ادوارمیں نیب قانون کو کیوں ختم نہیں کیا۔

ریاج فتیانہ نے کہا کہ ہماری پارٹی میں بھی نیب کے خلاف تحفطات ہوسکتے ہیں لیکن ہم مانتے ہیں، دونوں جماعتوں کے خلاف ہم نے ایک کیس بھی نہیں بنایا۔

انہوں نے کہا کہ شیخ رشید بادشاہ آدمی ہیں،وہ  پبلک اکاونٹس کمیٹی میں بطور مہمان تو آسکتے ہیں لیکن ممبر نہیں۔

پیپلزپارٹی حکومت کے خلاف تحریک چلانا چاہتی ہے،شہلارضا

پیپلزپارٹی کی رہنما شہلا رضا کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی احتجاجی تحریک چلانا چاہتی ہے جس طرح اسپیکر کو گرفتار کیا گیا، یہ عہدے کی تذلیل ہے۔یہ تحریک ہراس کے خلاف ہوگی جو اس کی مذمت نہیں کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت آمدن سے زائداثاثوں پرپرویزمشرف کو واپس لائے۔انہوں نے سیاستدانوں کو برا کہا اور آمدن سے زائد اثاثے بنائے۔

شہلا رضا نے کہا کہ سندھ میں سب اچھی گورننس ہورہی ہے، ٹیکس آمدن بھی سب سے زیادہ ہے۔ سب کو اپنے اپنے علاقے پر توجہ دینی چاہیے۔

پیپلزپارٹی کی رہنما نے کہا کہ پاکستانی قوم جنگی جنون میں مبتلا نہیں ہے، سیاست یہاں اندرونی معاملات پرہوتی ہے لیکن بھارت میں جنگی فضا بنی ہوئی ہے۔

ہم عوام کے لیے سب کے ساتھ باہرنکلیں گے،رانا افضل

مسلم لیگ ن کے رہنما رانا افضل کا کہنا تھا کہ ملکی حالات تحریک کا تقاضا کرتے ہیں کہ ملک میں بہت زیادہ مہنگائی ہوگئی ہے، حکومت نے اب تک قانون سازی کے عمل کا آغاز نہیں کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم عوام کے لیے باہرنکلیں گے، جلد نکلیں گے اور سب جماعتوں کے ساتھ نکلیں گے۔نوازشریف نے حکومت سے کبھی بھی بیرون ملک علاج کی اجازت نہیں مانگی۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہاکہ الزام لگانا بھارت کی عادت بن گئی ہے اور دنیا یہ سمجھ رہا ہے۔ بھارت کے اندرسے حکومت کے خلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ جنگ کاکنٹرول وزیراعظم کے ہاتھ میں ہونا چاہیے۔

نیب کو بند نہ کیا گیا ملک ترقی نہیں کرسکتا، محسن بیگ

تجزیہ کارمحسن بیگ نے کہا کہ حکومت اگر نیب کی کارروائیوں کا کریڈٹ لیتی ہے تو اس کے برے کاموں کی ذمہ داری بھی لینی ہوگی۔  حکومت نے عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا اس لیے حکومت کے خلاف تحریک چل سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب کے کیسز سے ثابت ہوا کہ یہ ادارہ کمزور ہے۔ اداروں کی آزادی کو متنازعہ نہیں بننا چاہیے، اداروں کو کسی بھی معاملے میں تفریق نہیں کرنی چاہیے، اداروں کو قانون کے اندرہی رہ کرکام کرناچاہیے۔

محسن بیگ نے کہا کہ آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں پوراملک اندرجاسکتا ہے، نیب کے قوانین میں تبدیلی بہت ضروری ہے،اگر نیب کو بند نہ کیا گیا تو ملک ترقی نہیں کرسکے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی تقریر کوعالمی سطح پرغور سے سنا گیا جس میں انہوں نے بھارت کو مذاکرات کی پیشکش کی ہے، بھارت کو بہت نقصان ہوا ہے اور دنیا نے بھارت کی بات کو غور سے نہیں سنا ہے۔


متعلقہ خبریں