فائرنگ سےطالبہ کی ہلاکت، خواجہ اظہار اور مرتضی وہاب آمنے سامنے

فائرنگ سے میڈیکل طالبہ کی ہلاکت، خواجہ اظہار اور مرتضی وہاب آمنے سامنے

فائل فوٹوز


کراچی: ڈکیتی کے دوران فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی نمرہ کے معاملے پر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار اور پاکستان پیپلزپارٹی کے مرتضیٰ وہاب ٹوئٹر پر آمنے سامنے آگئے ہیں۔

ایم کیوایم کے رہنما خواجہ اظہار نے ٹویٹ کیا کہ سندھ حکومت کا کوئی نمائندہ نمرہ کے گھر نہیں آیا، حکومت سندھ کہاں ہے۔

جوابی ٹویٹ میں پی پی رہنما مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ الزام تراشی کے بجائے نظام کو بہتر بنانے کی بات کریں، سندھ پولیس حکومت سندھ کے ماتحت نہیں، کورٹ آڈرز کے ماتحت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مبینہ پولیس مقابلہ، فائرنگ کی زد میں آکر میڈیکل کی طالبہ جاں بحق

پی پی رہنما نے دعویٰ کیا کہ پولیس کی مبینہ فائرنگ سے زخمی ہونے والی لڑکی کو عباسی شہید اسپتال میں طبی امداد نہیں ملی۔

ایم کیو ایم رہنما فیصل سبزواری نے اپنے ٹویٹ میں سوال اٹھایا کہ میڈیکو لیگل آفیسر تو آپ کے ماتحت ہے وہ کیوں دیر سے پہنچی؟

خواجہ اظہارالحسن نے ایک اور ٹویٹ میں مرتضیٰ وہاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سے ہمدردی کا مطالبہ کیا تھا شاید غلط مخاطب ہوا، پیر کو سندھ اسمبلی کے ایوان میں ملاقات ہوگی۔

یاد رہے کہ کراچی کے علاقے انڈا موڑ پر مبینہ پولیس مقابلے کے دوران فائرنگ کی زد میں آکر  میڈیکل کی طالبہ نمرہ جاں بحق ہوگئی تھی۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے رپورٹ طلب کی تھی۔


متعلقہ خبریں