پلوامہ حملہ: ’پاکستان ٹھوس شواہد پر تعاون کرنے کے لیے تیار‘

پلوامہ حملہ: ’پاکستان ٹھوس شواہد پر تعاون کرنے کے لیے تیار‘ | ہم نیوز

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پلوامہ واقعے کے حوالے سے کہا ہے کہ پاکستان ٹھوس شواہد پر تعاون کرنے کے لیے تیار ہے۔

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے کہا کہ خطے کے امن اور استحکام کو برقرار رکھنا سب کی ذمہ داری ہے تاہم بھارتی حکومت سمجھتی ہے کہ جارحانہ پالیسی سے فائدہ ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم بات چیت اور مذاکرات کے ذریعے معاملات آگے بڑھانا چاہتےہیں تاہم اگر بھارت نے کوئی حماقت کی تو بھرپور جواب دیں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں آج بھی نہتے شہریوں کو شہید کیا گیا، وہاں کی قیادت کو صوبہ بدر کیا جارہا ہے۔

مزید پڑھیں: پاک-بھارت وزرائے خارجہ کا آئندہ ہفتے آمنا سامنا متوقع

انہوں نے کہا کہ مختلف ملکوں کے وزرائےخارجہ سے موجودہ صورت حال پر بات کی، امریکہ اور یورپی یونین بھی کشیدگی ختم کرنا چاہتے ہیں تاہم بھارت جنگی جنون میں مبتلاہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صورت حال میں ہم سب کو ایک ہونا ہوگا، سیاسی بیان بازی نہیں کرنی چاہیے۔

سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے حالیہ بیان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ تحریک انصاف اور حکومت کا حصہ نہیں ہیں، ان کی اپنی سوچ اور رائے ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر پر پاکستان کا ایک موقف ہے، قومی مفاد میں ہم سب کو ایک ہونا ہوگا۔

دوسری جانب شاہ محمود قریشی اور یورپی یونین کی عہدایدار فیڈریکا میگرونی سے بھی ٹیلی فون پررابطہ ہوا۔

وزیر خارجہ نے انہیں پلوامہ واقعے کے بعد پاک بھارت کشیدگی سے آگاہ کیا۔ یورپی یونین نے دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کم کرانے میں تعاون کی یقین دہانی کرادی۔


متعلقہ خبریں