ای سی ایل میں نام ڈالنے پر شہباز شریف کا عدالت سے رجوع کا فیصلہ

شہباز شریف دور حکومت کا ایک اور منصوبہ آڈٹ کی زد میں

لاہور: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اپنا نام (ایگزٹ کنٹرول لسٹ) ای سی ایل میں ڈالنے پر لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ شہباز شریف پیر کو لاہور ہائی کورٹ میں ای سی ایل سے نام نکالنے کے لیے درخواست دائر کریں گے۔

لاہور ہائی کورٹ شہباز شریف کے حق میں رمضان شوگر ملز اور آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کیس میں فیصلہ دے چکی ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ شہباز شریف کے وکلا کل لاہور ہائی کورٹ میں پیش ہوں گے۔

خیال رہے کہ جمعے کو سابق وزیراعلیٰ پنجاب کا نام وزارت داخلہ نے ای سی ایل میں ڈال دیا تھا۔

نیب لاہور نے اس سلسلے میں وزارت داخلہ کو خط بھی لکھا تھا۔ شہباز شریف کا نام آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی گئی تھی۔

14 فروری کو کو لاہور ہائی کورٹ نے شہباز شریف کو رہا کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔ عدالت نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل اور رمضان شوگر مل کیس میں شہباز شریف کی ضمانت منظور کی تھی۔

سابق وزیراعلی پنجاب اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرکو نیب کی جانب سے آشیانہ اسکیم اسکینڈل میں گزشتہ سال 5 اکتوبر کو اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ صاف پانی کیس میں تحقیقات کے سلسلے میں نیب میں پیش ہوئے تھے۔


متعلقہ خبریں