بھارتی پابندی نے پاکستانی فنکاروں کو متحد کردیا


بھارت میں انتہا پسند مائینڈ سیٹ کی وجہ سے کچھ حلقوں کی جانب سے پلوامہ حملے کے بعد پاکستانی فنکاروں پر لگائی جانے والی  پابندی نےپاکستانی فنکاروں کو بھی متحد کردیا ۔

ہم نیوز کے مطابق لاہورپریس کلب کے زیراہتمام بھارت میں پاکستانی فنکاروں، کھیل اور تجارت پر پابندی کے بعد افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کے لیے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان، اداکار شان، ریما، ریشم، میرا، وارث بیگ اورابرار الحق سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی ۔

اس موقع پر وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ہم سب یہاں ایک اعلان کرنے آئے ہیں کہ ہم امن کے خواہاں ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کان کھول کر سن لے پاکستان کا وزیر اعظم میانوالی سے ہے اور اس شہر کے ایک ایک شخص کا ہاتھ پانچ پانچ کلو کا ہے، بھارتی سن لیں فلموں میں ڈائیلاگ بولنا اور بات ہے۔

فیاض الحسن نے کہا کہ ہم پر امن لوگ ہیں کوئی جنگ نہیں چاہتا، پاکستان ایٹمی طاقت ہے یہ ایٹم بم ہم نے شب برات کے لئے نہی رکھا ہمارے میزائل مہندی کی رسموں کے لئے نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کو پہلے دن سے تسلیم ہی نہیں کیا، بھارت دہشت گردی کا ہر واقعہ خود پکچرائز کرتا ہے اور الزام پاکستان اور ہمارے اداروں پر عائد کر دیا جاتا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہماری بدقسمتی ہے کہ ہمارے ایسے حکمران رہے جو مودی سے یاری لگاتے تھے اب وہ وزیراعظم ہے جو پاکستان کا ہیرو ہے ، پاکستان میں جو امن ہے اس کے پیچھے وردی ہے اج جوُدشمن پر جو خوف ہے اس کے پیچھے پاک فوج ہے ہم اپنی افواج پاکستان کے شانہ شانہ ہیں بھارت کی ایسی تیسی ، کیا ہم تمہاری دھمکی سے ڈر جائیں گے ۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی دھمکیوں کے باوجود قوم پی ایس ایل کھیل رہی ہے بھارت ہمارے گلے میں جنگ کا ڈھول مت ڈالے ورنہ ایسا بجائیں گے کہ بھارتیوں کو سبق سکھا دیں گے ۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پاکستان نے سمال ٹیکٹیکل بم تیار کیے ہوئے ہیں انڈین اگر ہماری سرحد عبور کریں گے تو اپنی حدود میں وہ ٹیکٹیکل بم پھینک کر بھارتی فوجیوں کا سرمہ بنا دیں گے

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اداکارہ ریما نے کہا کہ کوئی بھی مذہب اشتعال انگیزی کی اجازت نہیں دیتا ،بھارت کی جانب سےفنکاروں پر پابندی عائد کرنا شرمناک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی لیڈر جو زبان استعمال کررہے ہیں اپنی قوم کی عکاسی کررہی ہے،وزیراعظم عمران خان نے اپنی تقریر میں امن و محبت کی بات کی ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس محبت اور عزت ہے بھارت کے پاس جنگ و نفرت کے علاوہ کچھ نہیں ،کشمیر میں بھارتی فوج انسانیت سوز مظالم کررہی ہے۔

گلوکارہ شاہدہ منی نے بتایا کہ انھیں تین بار بھارتی فلموں میں کام کی آفر ہوئی لیکن انھوں نےانکارکردیا،فنکاروں نے باور کرایا کہ پاکستان اور افواج پاکستان کے بغیر کسی کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔

گلوکار وارث بیگ نے ساتھی گلوکار عدنان سمیع پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عدنان سمیع نے اپنی پاکستانی شناخت کو بھارت کے لئے چھوڑ دیا ،آج ان کا بھارت میں کوئی نام لینے والا ہے نہ ہی پاکستان میں۔انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے پاکستان ہے ، پاکستان ہے تو ہم بھی ہیں ۔


متعلقہ خبریں