لاہور میں میٹرو بسیں ٹکرا گئیں، خاتون جاں بحق، متعدد افراد زخمی



لاہور: لاہور کے علاقے گجومتہ کے قریب دو میٹرو بسیں ٹکرانے سے ایک خاتون جاں بحق جب کہ 10 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق آمنے سامنے سے آنے والی دو میٹرو بسیں ٹکرانے کے بعد ٹریک بند ہونے سے بس سروس معطل ہو گئی جب کہ ریسکیو کی سات ایمبولینسز فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔

ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کاموں میں حصہ لیا اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا۔

فوٹو: ہم نیوز

اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے جب کہ معمولی زخمیوں کو فوری طبی امداد کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں

تین میٹرو بس منصوبے سالانہ 8 ارب روپے کھا جاتے ہیں، فواد چوہدری

میٹرو بس حادثہ کے فیروز پور روڈ پر ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہو گیا ہے اور ٹریفک انتہائی سست روی سے آگے بڑھ رہی ہے جب کہ اچانک ٹریفک بڑھنے سے ٹریفک پولیس اہلکاروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

حادثے کا شکار ہونے والی میٹرو بسوں کو ہیوی مشینری کے ذریعے ہٹایا جائے گا۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والی خاتون کی شناخت عمارا کے نام سے ہوئی جب کہ 14 زخمیوں کو اسپتال لایا گیا۔ زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے جس میں سے ایک میٹرو بس کا ڈرائیور نوید اور دوسری مسافر خاتون ریحانہ ہیں۔

میٹرو بس ڈرائیور نوید جنرل اسپتال کے آئی سی یو میں داخل ہے جب کہ شدید زخمی خاتون ہیڈ انجری کے باعث وارڈ میں داخل ہے۔

ڈاکٹرز کے مطابق تین مریضوں کو طبی امداد دینے کے بعد فارغ کر دیا گیا تھا جب کہ دیگر 10 مریضوں کو شام تک ڈسچارج کر دیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں