دورہ جاپان پلوامہ واقعہ کی وجہ سے ملتوی کرنا پڑا، قریشی

افغان حکومت سفارتکاروں کو بلانے کے فیصلے پر نظرثانی کرے، وزیر خارجہ

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ دورہ جاپان پلوامہ واقعہ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث ملتوی کرنا پڑا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے جاپانی ہم منصب تارو کونو کو ٹیلیفون کیا اور موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

شاہ محمود قریشی نے جاپانی وزیر خارجہ کو اپنا حالیہ دورہ جاپان مؤخر کرنے کی وجوہات سے آگاہ کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ گذشتہ سال جاپان کی اعلیٰ شخصیات کے متواتر دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے مابین باہمی تعلقات میں بہت بہتری آئی ہے۔ اسی تناظر میں آپ کی دعوت پر مجھے 24 فروری کو جاپان کے دورے پر روانہ ہونا تھا۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پلوامہ واقعہ کے بعد جنوبی ایشیا میں امن و امان کی صورتحال انتہائی گھمبیر ہو چکی ہے جب کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں صورتحال انتہائی مخدوش ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ میں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو اس کشیدگی کو کم کرنے کے لیے بذریعہ خط اپنا کردار ادا کرنے کا کہا ہے اور جاپان سے بھی اس ضمن میں اپنا مؤثر کردار ادا کرنے کی درخواست ہے۔

یہ بھی پڑھیں

پاک بھارت کشیدگی: وزیرخارجہ کا دورہ جاپان ملتوی

دورہ جاپان ملتوی کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ اس نازک صورتحال میں میری اپنے ملک میں موجودگی ناگزیر ہے اور انہیں وجوہات کی بنا پر مجھے اپنا دورہ جاپان مؤخر کرنا پڑا ہے۔

دونوں وزرائے خارجہ نے جلد از جلد باہمی مشاورت سے دورہ جاپان کی نئی تاریخ طے کرنے پر اتفاق کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جاپان اور پاکستان کے مابین دیرینہ دو طرفہ دوستانہ مراسم ہیں جب کہ میں نے جاپانی وزیر خارجہ سے گذارش کی ہے کہ وہ اپنے وزیر اعظم کو بھی ان تمام حالات سے آگاہ کریں گے جن کے سبب یہ دورہ مؤخر کرنا پڑا۔

جاپانی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستانی وزیر خارجہ جب دورہ جاپان پر تشریف لائیں گے تو ان کی ملاقات جاپانی وزیر اعظم سے بھی کرائی جائے گی۔

برطانوی وزیرخارجہ کا شاہ محمودقریشی سے رابطہ

سیکرٹری آف سٹیٹ برائے امور خارجہ و دولت مشترکہ جیریمی ہنٹ نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ٹیلفونک رابطہ کیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات کی موجودہ نوعیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اہم علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے برطانوی ہم منصب کو پلوامہ واقعہ کے بعد جنوبی ایشیا میں امن و امان کی مخدوش صورتحال سے آگاہ کیا اور کہا کہ  برطانیہ، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل رکن ہونے کے ناطے، ہندوستان اور پاکستان کے مابین کشیدگی کے خاتمے کیلئے اپنا موثر کردار ادا کرے۔

برطانوی سیکرٹری آف سٹیٹ فارن افیئر نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو یقین دلایا کہ برطانیہ، خطے میں دونوں ممالک کے مابین کشیدگی کم کروانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔

شاہ محمودقریشی کا چینی ہم منصب سے رابطہ

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی سے ٹیلفونک رابطہ کیا اور انہیں پلوامہ واقعہ کے بعد خطے میں امن و امان کی صورتحال سے آگاہ کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے اس لیے ہندوستان کےساتھ معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کا خواہشمند ہے
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پاکستان کی طرف سے کشیدگی کم کرنے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے بھی چینی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔

چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے کال کرنے پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے قیام امن کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔


متعلقہ خبریں