اسکولوں کو فیس کٹوتی کے فیصلے پر عمل کرنا ہوگا،سندھ ہائیکورٹ

عدالت کا سندھ حکومت کو پولیس اہلکاروں کے بچوں کو فوری نوکریاں دینے کا حکم

کراچی :سندھ ہائی کورٹ نے کہا  ہے  کہ نجی اسکولوں کو فیسوں میں کٹوتی کے فیصلے پر عمل کرنا ہوگا۔ ورنہ سخت کارروائی ہوگی۔ سندھ ہائیکورٹ کے یہ ریمارکس آج کراچی میں نجی اسکولوں کی فیسوں میں اضافے سے متعلق  کیس کی سماعت  کے دوران سامنے آئے۔ دوران سماعت ایک نجی اسکول  کی طرف سے اضافی  فیس کا چالان بھیجنے پر سرزنش بھی کی گئی  ۔

عدالت کو  نجی اسکولوں کے وکیل نے بتایا کہ فیسوں میں  بیس فیصد  کٹوتی مالکان کے لئے ناقابل برداشت ہے ۔ سندھ ہائیکورٹ نے آج دوران سماعت ریمارکس دیے کہ تمام  نجی اسکول فیس کٹوتی کے احکامات پر عمل کریں ۔عدالت کی طرف سے کہا گیاکہ صفائی کا موقع ملنے کے بعد سخت کارروائی ہوگی۔

سندھ حکومت نے احکامات پر عمل  نہ کرنے والے اسکولوں کے خلاف کارروائی کی پیشرفت  رپورٹ عدالت میں پیش کردی۔حکومتی  وکیل  نے بتایا کہ والدین اور اسکول مالکان کا کئی معاملات پر اتفاق نہیں ہوسکا ۔والدین کو ابتدائی پانچ ہزار روپے کو کٹوتی سے مستثنیٰ قرار دینے پر اعتراض ہے۔

یہ بھی پڑھیں

.اسکول فیسوں میں کمی، مالکان نے سہولتیں کم کردیں

نجی اسکولوں کے وکیل نے کہا کہ فریقین  کا بائیس   نکات پر اتفاق ہوچکا ہے۔اسکول مالکان دس فیصد کمی کیلئے تیار ہیں۔  بیس  فیصد  کمی  ان کے لیے  ناقابل برداشت ہے۔

عدالت نے  دو نجی  اسکولز سے جماعتوں  کی درجہ بندی کے لحاظ سے فیس اسٹرکچر طلب کرلیا۔
عدالت نے نومبر سے جنوری تک جاری ریوائز ڈ فیس چالان بھی پیش کرنے حکم بھی دے دیا۔والدین نے عدالت کو بتایا کہ  ایک نجی  اسکول نے فیس کم کرنے کے بجائےاضافہ کرکے چالان بھیجا ہے۔ جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ عدالتی احکامات کے مطابق آپ کی فیس 12665 روپے ہونی چاہیے۔۔لیکن آپ نے چالان 15000 روپے کا جاری کیا ہے۔

اسکول کے وکیل نے کہا کہ  نظرثانی شدہ چالان جاری کردیا گیاہے۔ عدالت نے کہا  کہ اس  غلطی  پر  آپ کو شوکاز جاری ہونا چاہیے۔مقدمے کی مزید سماعت اٹھارہ مارچ تک  ملتوی کردی گئی۔

سپریم کورٹ نے فیسوں میں کمی کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی تھی کہ اس فیصلے کا اطلاق پانچ ہزار سے زائد فیس پر ہوگا۔ ساتھ ہی عدالت نے یہ بھی واضح کیا تھا کہ فیسوں میں کمی سے اسکالر شپ اور اسکول کی سہولتوں پر کوئی فرق نہیں پڑے گا جبکہ اساتذہ کی تنخواہوں میں بھی کمی نہیں کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں