‘کراچی کا امن برقرار رکھنے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے’


کراچی: کرنل جنرل اسٹاف  فیصل اعوان نے کہا ہے کہ کراچی کا امن برقرار رکھنے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔

انہوں نے  رینجرز ہیڈ کواٹرز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ الطاف حسین نے اپنے متعدد بیانات میں ایم کیو ایم لندن سے علیحدہ ہونے والوں کو نشانہ بنانے کے احکامات دئیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم لندن کی جانب سے 24 فروری کو سوشل میڈیا پر پریس ریلیز جاری کی گئی۔ رینجرز کے پاس ملزمان کے آڈیو پیغامات موجود ہیں۔

کرنل فیصل اعوان نے کہا کہ ملزم کے کوڈ ورڈز پر مبنی آڈیو کلپس سنوائی جارہی ہیں۔ سلیم بیلجیم اور شاہ رخ کے درمیان رابطوں کے کئی ثبوت ملے ہیں۔ شہر کے امن کو خراب کرنے کے لیے تسلسل سے واقعات رونما ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ نو نومبر 2018  کو ایم کیو ایم کی محفل میلاد میں دہشت گردی کی گئی جس میں پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے کارکنان پر بھی حملے کا واقعہ پیش آیا جبکہ 11 فروری 2019 کو ایم کیو ایم پاکستان کا ایک کارکن جاں بحق اور ایک زخمی ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ ان واقعات پر ہم نے ٹاسک فورس تشکیل دی تھی۔ پاکستان رینجرز سندھ نے ایم کیو ایم لندن کے 8 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ یہ ملزم سلیم بیلجئیم کی ٹیم کا حصہ ہیں۔ ملزم کو 2011 میں رینجرز نے گرفتار کرکے پولیس کے حوالے کیا مگر وہ مقدمات کا سامنا کرکے ملک سے باہر چلا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:ایم کیو ایم یو سی آفس پر فائرنگ کا مقدمہ درج

کرنل فیصل اعوان کے مطابق سلیم بیلجیم نے ملزمان کو سم استعمال نا کرنے اور انڈر گراؤنڈ رہنے کا کہا۔ سلیم بیلجیم عرف جنرل نے ملزمان کی  ہتھیاروں سے اور مالی معاونت کی۔

آئی ڈی کے لیے ڈبہ کوڈ ورڈ استعمال کیا جاتا، کرنل فیصل

انہوں بتایا کہ آئی ڈی کے لیے ڈبہ، گرینیڈ کے لیے آلو کا کوڈ ورڈ استعمال کیا جاتا ہے۔ کمانڈر ان چیف اور میجر صاحب کے نام سے بیرون ملک نمبروں کا ستعمال کیا جارہا تھا۔ جن کا تعلق زیادہ تر یو کے سے تھا۔ ملزمان آپس میں رابطے کے لیے واٹس ایپ استعمال کرتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ سلیم بیلجیم الطاف حسین کے کہنے پر ٹارگٹ کلنگ ٹیم کو چلا رہا تھا، ابتدائی تفتیش کے مطابق ان ملزمان نے اہم انکشاف کیےہیں ان ملزمان کو الطاف حسین کی ہدایت پر سلیم بیلجیم نے احکامات دئیے۔


متعلقہ خبریں