اپوزیشن کو کبھی وزیراعظم کی تقریرپسند نہیں آئی،رہنما تحریک انصاف


اسلام آباد: رہنما پاکستان تحریک انصاف اعجاز چوہدری نے کہا کہ دنیا عمران خان کی تقریروں کی معترف ہے، اپوزیشن کو تو کبھی وزیراعظم کی تقریر پسند ہی نہیں آنی۔ انہوں نے کہا کہ مشاہد اللہ اپنے حواس کھو بیٹھے ہیں ورنہ اس طرح سینیٹ میں باتیں نہ کرتے۔

ہم نیوز کے پروگرام نیوزلائن میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوازشریف کا علاج ہو رہا ہے، اگر بیماری کی بنیاد پر ضمانتیں دینا شروع ہو جائیں تو ہزاروں لوگوں کو ضمانتیں دینا ہوں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ آج عدالتیں آزاد ہیں اگر اپوزیشن کے حق میں فیصلہ آ جائے تو سب اچھا ورنہ سب برا ہے۔

اعجاز چوہدری نے کہا کہ ابھی تک اپوزیشن کے کسی رہنما کے خلاف کوئی کیسز نہیں بنائے گئے یہ تمام پرانے مقدمات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ ساہیوال کے لواحقین کو جے آئی ٹی پر مکمل اعتماد ہے، تمام لواحقین کو حکومت نے تحفظ فراہم کیا ہوا ہے۔

نوازشریف ہر کیس کا سامنا کر رہے ہیں،علی پرویز ملک

رہنما مسلم لیگ ن علی پرویز ملک نے کہا کہ یہ قوم اچھی طرح جانتی ہے کہ پاکستان میں نواز شریف اور مریم نواز ہی ایسے لیڈر ہیں جنہوں نے تمام تر ذاتی مسائل بالائے طاق رکھ کر ہرکیس اورپورے احتسابی عمل کا سامنا کررہے ہیں۔

انہوں نے  کہا کہ العزیزیہ کیس پر کوئی میرٹ کا خیال نہیں رکھا گیا ہے۔تین دفعہ کے وزیراعظم کے ساتھ ایسا سلوک نہیں ہونا چاہیئے، نواز شریف اور شرجیل میمن دونوں کے مختلف کیسز ہیں۔

حکومت بھارتی الزامات پرپارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلائے، سینیٹربہرامند تنگی

سینیٹر بہر امند تنگی نے کہا کہ ہمیں عدالتوں کے تمام فیصلوں کو ماننا چاہیئے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی روز اول سے عدالتوں کے فیصلوں کا احترام کرتی ہے.

انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیئے کہ وہ ہوش کے ناخن لے کہ آج وزرا اور حکومتی اراکین نے سینیٹ اورقومی اسمبلی میں کیسا رویہ اپنایا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج پاکستان اور بھارت کی کشیدگی کے پیش نظر حکومت کوپارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانا چاہیے اور یہ پیغام دیا جائے کہ حکومت اور اپوزیشن اس معاملے پر متحد ہیں۔

انہوں نے کہا وزیراعظم جب بھی تقریر کرتے ہیں ایسا لگتا کہ کوئی اپوزیشن کا لیڈر تقریر کر رہا ہو، عمران خان جو کچھ کہتے ہیں پھر اس پر یوٹرن لے لیتے ہیں۔


متعلقہ خبریں