محکمہ وائلڈلائف نےنایاب پرندےقبضے میں لےلیے


اسلام آباد: محکمہ وائلڈلائف نے پرندوں کے غیر قانونی تجارت کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے نایاب اور بغیرلائسنس کے رکھے گئے مختلف اقسام کے پرندوں کو قبضے میں لے لیا ہے۔

محکمہ وائلڈ لائف کے اعلامیے کے مطابق وائلڈ لائف مینیجمنٹ بورڈ نے پرندوں کی غیر قانونی تجارت کے خلاف کارروائی کی اورمختلف دکانوں پر چھاپے مار کر متعدد پرندے قبضے میں لے لیے ہیں۔

محکمہ وائلڈ لائف کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فہیم چنگوانی کی سربراہی میں کارروائیاں بارہ کہو،ترامڑی اور جی نائن مرکز میں موجود پرندوں کی دوکانوں پر کی گئیں۔

چھاپوں کے دوران نایاب اور بغیر لائسنس رکھے گئے پرندوں کو قبضے میں لیا گیا ہے۔

محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق غیر قانونی شکارکرنے والوں اور پرندوں کے اسمگلرز کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری رہے گا۔

واضح رہے کہ محکمہ وائلڈلائف نے نایاب نسل کے پرندوں کی خریدوفروخت کے خلاف کارروائیوں کا آغاز کررکھاہے جس کا مقصد ان  پرندوں کی بازاروں میں سرعام اور خفیہ طورپرخریدوفروخت روکنا ہے۔

محکمہ وائلڈلائف نے گزشتہ روزبھی کارروائی کرتے ہوئے نایاب نسل کی چیتے نما بلی کو اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی تھی اور دوملزمان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغازکردیا تھا۔


متعلقہ خبریں