کشیدگی کے باوجود پاکستان نے بیساکھی میلے کے شیڈول کی منظوری دے دی

فائل:فوٹو


اسلام آباد: پاک بھارت کشیدگی کے باوجود پاکستان نے بیساکھی میلے کے شیڈول کی منظوری دے دی ہے۔

میلے کے لیے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے  خصوصی تیاریوں کی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق پاکستان نے بھارتی جنگی جنون کے باوجود جذبہ خیرسگالی کا اظہار کیا اور بیساکھی میلے کے شیڈول کی منظوری دے دی۔بیساکھی میلے میں شرکت کے لیے تین ہزار بھارتی یاتریوں کو ویزے جاری کیے جائیں گے جو خصوصی ٹرینوں کے ذریعے پاکستان پہنچیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پلوامہ واقعہ، کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری

اس میلے کے سلسلے میں سکھ یاتریوں کو 12 اپریل کو گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال پہنچایا جائے گا جہاں 14 اپریل کو  مرکزی تقریب ہوگی، جس کی تیاریوں کے لیے وزیراعظم عمران خان نے خصوصی ہدایات دی ہیں۔

بیساکھی کے لیے ہرسال بھارت سمیت  دنیا بھرسے بڑی تعداد میں سکھ یاتری پاکستان آتے ہیں

سکھوں کے مذہبی تہوار بیساکھی کے لیے ہرسال بڑی تعدادمیں سکھ بھارت سمیت دنیابھرسے حسن ابدال میں پنجہ صاحب کی یاترا کے لیے آتے ہیں۔

فصلوں کی کٹائی کے موسم میں سکھ پاکستان میں آکر مختلف مذہبی رسومات ادا کرتے ہیں اور  بھرپورعقیدت، مذہبی جوش و خروش سے اس تہوار میں حصہ لیتے ہیں۔

اس سے قبل گزشتہ نومبرمیں حکومت کی جانب سے سکھ یاتریوں کیلئے کرتار پور راہداری منصوبے کا بھی آغازکیا جا چکا ہے جس کا مقصد سکھوں کو پاکستان آنے کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کرنا ہے۔

واضح رہے مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج پرحملوں کے بعد بھارت نے پاکستان کے خلاف الزامات کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے جس میں بھارتی میڈیا بھی زوروشور سے شامل ہوگیا اور پاکستان کے خلاف مہم کا آغاز کردیا۔

بھارتی اشتعال اور الزامات کے باوجود پاکستان نے بھارت کو تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کی اور کہا  کہ اگر بھارت کے پاس اگرکوئی شواہد ہیں تو وہ فراہم کیے جائیں، پاکستان ان پر کارروائی کرے گا تاہم بھارت کی جانب سے اب تک کوئی جواب نہیں دیا گیا۔


متعلقہ خبریں