نوازشریف حکومت سے کبھی صحت کی بھیک نہیں مانگیں گے،مریم اورنگزیب



اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ نوازشریف نے کبھی نہیں کہا کہ وہ بیرون ملک علاج کے لیے جانا چاہتے ہیں، حکومت کی خواہش کے باوجود نوازشریف حکومت سے صحت سے متعلق کوئی رعایت نہیں مانگیں گے۔

پروگرام بڑی بات میں میزبان عادل شاہ زیب سے گفتگوکرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ نوازشریف نے کبھی نہیں کہا کہ وہ بیرون ملک علاج کے لیے جانا چاہتے ہیں۔ حکومت کے بنائے میڈیکل بورڈز کی سفارش کے باوجود علاج شروع نہیں کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف حکومت سے صحت کی بھیک نہیں مانگیں گے۔عدالتی فیصلے پرمایوسی ضرورہوئی لیکن سارے قانونی راستے استعمال کریں گے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت نے ایم ڈی پی ٹی وی کو غیرقانونی طورپراختیاردیا ہے، وہ بورڈ کے ممبر ہیں اور 22 لاکھ روپے تنخواہ بھی لے رہے ہیں .

مسلم لیگ ن کی رہنما کا کہنا تھا کہ اس معاملے میں وزیربے بس ہیں، انہوں نے دبے لفظوں میں فواد چوہدری کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہ معاملہ قومی اسمبلی میں بھی اٹھائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی نااہلی سے بہت نقصان ہوا ہے جبکہ آپس کی لڑائیوں میں قومی اداروں کا نقصان ہورہا ہے۔

ابھی سزا اورجزا کے عمل کا آغازہوگا،ندیم افضل چن

وزیراعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ  وزیراعظم نے تمام وزراء کو جون تک فری ہینڈ دیا ہوا ہے، اس کے بعد باقاعدہ سزا اور جزا کا عمل شروع ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم بریفنگ کے دوران وزراتوں کو ہدف دیتے ہیں جبکہ وہ کئی وزراتوں کی ہفتہ وار کارکردگی بھی دیکھ رہے ہیں۔ چند ماہ میں عوام گورننس میں واضح بہتری دیکھیں گے۔

ندیم افضل چن نے کہا کہ کبھی کسی وزرات میں مداخلت نہیں کی، پاکستان ٹیلی ویثرن نیٹ ورک (پی ٹی وی) کو وزرات اطلاعات کے نیچے ہی رہنا چاہیے، ایم ڈی اور فوادچوہدری ایک ہی حلقےسے ہیں،ان کے درمیان حالات ٹھیک ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نعیم الحق اور فوادچوہدری کے درمیان اختلافات منظر عام پر نہیں آنے چاہیے تھے۔

 کراچی میں خدانخواستہ زلزلہ آیا تو بہت نقصان ہوگا،فہیم زمان خان

سابق ایڈمنسٹریٹر کراچی فہیم زمان خان نے کہا کہ کراچی میں خدانخواستہ زلزلہ آیا تو بہت نقصان ہوگا، کسی کومعلوم نہیں کہ ہم نے کیا کرنا ہے سارے ہی ذمہ داری بلڈنگ کنٹرول پرڈال دیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے گورننس اورقانون سازی میں بہت فرق ہے ،اگر یہ دورنہ کیا گیا تو مسائل وقت کے ساتھ بڑھتے ہی جائیں گے۔


متعلقہ خبریں