کراچی: بچوں کی ہلاکت کا معاملہ،کمرے سے برآمد پاوڈر ٹیسٹ کے لیے بھیج دیا ہے،طارق رزاق 


اسلام آباد: کراچی میں پانچ بچوں اور ان کی پھوپھی کی ہلاکت کا معاملہ حل نہ ہوسکا۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن طارق رزاق نے کہا ہے کہ گھر کے بیڈ کے نیچے پاوڈر ملا تھا جسے ٹیسٹ کے لیے بھجوا دیا ہے جبکہ کھانے کے نمونے بھی بھجوا دیئے ہیں ایک یفتے کے اندر رپورٹ آ جائے گی۔

انہوں نے ہم نیوز کے پروگرام ندیم ملک میں گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ شواہد اکھٹے کرلیے گئے ہیں ایک ہفتے کے اندر رپورٹ آ جائے گی جس کے بعد ہی کوئی حتمی رائے دی جا سکے گی۔

ہم نیوز کے پروگرام میں کراچی کے میں ہوٹل سے زہریلا کھانا کھانے سے ہلاکتوں کے معاملے پر بھی بحث کی گئی اورمقتول بچوں کے باپ فیصل کاکڑ سے بات چیت کی گئی۔

فیصل کاکڑ نے کہا کہ میرے بچے تو اللہ نے دیے تھے اس نے واپس لے لیے وہ میری قسمت تاہم حکومتی وزیر علی محمد خان بتا سکتے ہیں کہ ساہیوال واقعے میں بچے کیوں مارے گئے ان کا کیا قصور تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: مضر صحت کھانا 5بچوں سمیت چھ افراد کی جان لے گیا

انہوں بتایا کہ سب بچوں اور میں نے بریانی کھائی جس کے کچھ دیر بعد ہم سب سو گئے تاہم بیٹے کی چیخ سے اٹھا جب باہر گیا تو دیکھا میری بیوی واش روم کے پاس گری ہوئی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ کچھ دیر بعد بیوی کو لے کر اسپتال لے گیا مجھے خود بھی پسینے آ رہے تھے اور کمزوری محسوس ہورہی تھی۔ جب بیوی کو لے کر واپس ہوٹل پہنچا تو الگ ہی منظر تھا ایک جانب میری بہن پڑی ہوئی تھی تو دوسری جانب بچے بھی نڈھال تھے۔

ان کے مطابق جب بچوں اور بہن کو اسپتال لے کر پہنچا تو بچے فوت ہو چکے تھے جبکہ میری بہن کو ایمرجنسی میں داخل کرلیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہمیں بتایا گیا ہے کہ شاید چوہے مار دوائی کی گیس سے اموات ہوئی ہیں تاہم ابھی حتمی رپورٹ نہیں آئی۔

پی ٹی آئی کے رہنما علی محمد خان نے کہا کہ بچوں کو جعلی دودھ  دیا جاتا ہے ملاوٹ عام ہوچکی ہے۔ اس معاملے کی تحقیقات ہونی چاہیے۔

رہنما پاکستان مسلم لیگ ن خرم دستگیر نے کہا پنجاب میں فوڈ اتھارٹی بنائی جا چکی ہے اسی طرح دوسرے صوبوں میں بھی ہونا چاہیئے۔


متعلقہ خبریں