سندھ میں ڈاکٹروں کی تنخواہیں پنجاب کے برابر کرنے کی منظوری

سندھ میں ڈاکٹروں کی تنخواہیں پنجاب کے برابر کرنے کی منظوری

فائل فوٹو


کراچی: سندھ کابینہ نے صوبے میں ڈاکٹروں کی تنخواہیں پنجاب کے برابر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں صوبے میں ڈاکٹروں کی تنخواہیں پنجاب کے برابر کرنے کی منظوری دی گئی جس کا اطلاق یکم فروری سے ہوگا۔

وزیراعلی سندھ نے صوبے میں مزید ڈاکٹر بھرتی کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ نئے ڈاکٹروں کی تعیناتی مخصوص اسپتالوں میں ہوگی۔ جہاں سے ٹرانسفر نہیں ہوسکے گا۔

اجلاس میں نئی قانون سازی کا بھی فیصلہ ہوا جس کے تحت صحت، تعلیم اور دیگر اداروں میں تنخواہوں میں اضافہ کارکردگی کی بنیاد پر ہوگا۔

اجلاس میں کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو یونی ورسٹی بنانے کی بھی منظوری دی گئی اور اس کے لیے بل کو ترامیم کے بعد اسمبلی میں پیش کرنے کا فیصلہ ہوا۔ کابینہ نے سینڈیکیٹ، بورڈز آف گورنرز کی تقرری کا اختیار وزیراعلیٰ سندھ کو دے دیا۔

پاورٹی ایجوکیشن انیشیٹو کے تحت چلنے والے سندھ گورنمنٹ چلڈرین اسپتال نیو کراچی کے اٹھارہ ماہ سے رکے ہوئے فنڈز جاری کرنے کے احکامات بھی جاری کردیے گئے ہیں۔

اجلاس میں محکمہ صحت اور پیپلز پرائمری ہیلتھ انیشیٹو کے درمیان معاہدے کو پانچ سال کے لئے بڑھانے کی منظوری دے دی گئی۔ پی پی ایچ آئی سندھ حکومت کے تعاون سے صحت کی گیارہ سو چھتر سہولتیں فراہم کررہی ہے۔

اجلاس کے بعد مشیر اطلاعات مرتضی وہاب نے بتایا کہ کابینہ نے چودہ کروڑ پچاس لاکھ روپے کی لاگت سے شیلٹر ہوم بنانے کی منظوری دی ہے جبکہ سپریم کورٹ کی گائیڈ لائن پر عمل کرانے کے لیے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو تجاوزات کو گرانے سے پہلے جائزہ لے گی۔

کابینہ نے اسپیکر سندھ اسمبلی کی گرفتاری اور گھر پر چھاپے کی مذمت کی۔


متعلقہ خبریں