ڈاکٹرانورسجاد کا وزیراعظم کے نام اہم پیغام


کراچی: مشہور دانشور اور ڈرامہ نویس ڈاکر انور سجاد نے وزیراعظم عمران خان سے توقعات وابستہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ خود فنکارہیں، وہ ان کے لیے ضرور کچھ کریں گے۔

نامورافسانہ نگار،ڈرامہ نویس، دانشور ڈاکٹر اورشدید علیل انورسجاد نے سوشل میڈیا پرجاری کیے گئے ویڈیوپیغام میں وزیراعظم عمران خان کو  دلچسپ آدمی قراردیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ بہت دلچسپ اورزبردست آدمی ہیں، جس کام کے پیچھے پڑجائیں اسے کرکے چھوڑتے ہیں۔

ڈاکٹر انورسجاد کا کہنا ہے کہ عمران خان گونگلوں سے مٹی نہیں اتارتا، عمران خان خود فنکار ہے، وہ نیچے سے اوپرآیا ہے۔

ڈاکٹرانورسجاد کا کہنا ہے کہ میں کچھ نہیں کہتا، ہمارے معاملات صبرکے ہوتے ہیں۔ چاہے وہ حکومت ہویا کچھ ہو اورمیرا صبرپڑچکا ہے سب پر۔

انہوں نے کہا  کہ وہ سب کو واضح طورکہنا چاہتے ہیں کہ اپنا خیال دوسروں کے وسیلے کے طورپررکھو، دوسروں کا خیال رکھ رہے ہو تو اس کا مطلب ہے اپنا خیال رکھ رہے ہو۔

ڈاکٹر سجاد نے کہا کہ پاکستان کے اداروں سے یہ کہوں گا کہ وہ صرف اس لیے کام نہ کریں کہ انہیں گرانٹس ملتی رہیں، وہ فنکاروں کا خیال رکھیں، یہ بڑے معصوم لوگ ہوتے ہیں۔

قوم کے بچوں کو اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ جو کرتے ہو وہ دیانت اورمحنت سے کرو۔ اپنے لیے ایمانداراورمحنتی بنو گے تب ہی دوسروں کے لیے بھی یہ بن سکو گے۔

ڈاکٹر انور سجاد نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹ کراچی میں اسکرپٹ سیکشن کے سربراہ تھے، انہوں نے لاتعداد ڈرامے، افسانےلکھے اور ڈراموں میں بھی کام کیا لیکن دن دنوں وہ معاشی بدحالی اورشدید علیل ہیں۔

واضح رہے 19 فروری کو درجنوں کتابوں کے مصنف ڈاکٹر انور سجاد کے ساتھ حکومتی اداروں کی بے حسی برتنے کا معاملہ سامنے آیا تھا کہ ان کی مدد کی درخواست لاہور سے اسلام آباد اور کراچی تک دفتروں میں گھومتی رہی تاہم ایک ماہ گزرنے کے باوجود ان کی درخواست پر عمل نہیں ہوسکا۔


متعلقہ خبریں