پاکستان مناسب جواب کا حق محفوظ رکھتا ہے، شاہ محمود



اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی ہے پاکستان مناسب جواب کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

بھارتی دراندازی کے بعد وزارت خارجہ میں بھی ایک ہنگامی اجلاس ہوا ہے  جس میں سابقہ خارجہ سیکریٹریز اور سینیئر سفارت کاروں نے شرکت کی۔

شاہ محمود نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے اور بھارت  امن و امان کو تہہ و بالا کرنے پر تلا ہوا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان ذمہ دارانہ روئیے کا مظاہرہ کرتے ہوئے آگے بڑھ رہا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ سرحدوں کی حفاظت کے لیے افواج کے ساتھ شانہ بشانہ تیار کھڑے ہیں۔

بھارتی فضائیہ کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کے بعد  وزیراعظم پاکستان عمران خان نے بھی ہنگامی اجلاس بلا لیا ہے۔

یاد رہے کہ بھارتی ایئرفورس کے طیارے آج صبح لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے خیبرپختونخوا کے علاقے بالا کوٹ تک آگئے تھے لیکن پاک فضائیہ کی بروقت جوابی کارروائی نے دشمن کے طیاروں کو بھاگنے پر مجبورکردیا۔

یہ بھی پڑھیں

بھارتی فضائیہ کی دراندازی، پاک فضائیہ کی کارروائی سے دشمن فرار

کشمیر میں کاربم دھماکہ، 44 بھارتی فوجی ہلاک

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور نے بتایا کہ بھارتی طیارے بالا کوٹ کے قریب اپنا پے لوڈ گرا کر واپس بھاگ گئے۔

بھارتی طیاروں کے گرائے گئے پے لوڈ سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ دشمن فوج کے طیارے آزاد کشمیر کی حدود میں تین سے چار میل تک اندر آئے تھے۔

بھارتی فضائیہ کی جانب سے رات گئے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرنے کی بزدلانہ اور ناکام کوشش کی گئی۔ اسی دوران پاک فضائیہ فوری طور پر حرکت میں آئی تو بھارتی فضائیہ کے طیارے بھاگ نکلے۔

یاد رہے کہ پلوامہ حملے میں بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد پاک بھارت تعلقات انتہائی کشیدہ ہوگئے ہیں۔ 14 فروری کو بھارتی فوجیوں پر ہوئے حملے کا الزام بلا تحقیق پاکستان پر لگایا گیا تھا۔

حملے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم جیش محمد نے قبول کی تھی۔

پاکستان نے بھارت کی الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمیں ثبوت فراہم کیے جائیں۔ پاکستان ٹھوس شواہد پر تعاون کرنے کے لیے تیار ہے۔ پاکستان کا کہنا ہے کہ جیش محمد کالعدم جماعت ہے اور پاکستان کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔


متعلقہ خبریں