دنیا کو بھارتی حقیقت سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے، شاہد لطیف

دنیا کو بھارتی حقیقت سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے، شاہد لطیف

فوٹو: فائل


اسلام آباد: ریٹائرڈ ائر مارشل شاہد لطیف نے کہا ہے کہ بھارت ہر بار سرحد کی خلاف ورزی کو سرجیل اسٹرائیک کا نام دیتا ہے۔ دنیا کو بھارت کی حقیقت سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔

ریٹائرڈ ائر مارشل شاہد لطیف نے ہم نیوز کے پروگرام مارننگ شو میں خصوصی بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی طیاروں نے جہاں اپنا پے لوڈ پھینکا وہاں کوئی ٹارگٹ نہیں تھا۔ بھارتی طیارے بدحواسی میں اپنا پے لوڈ پھینک کر فرار ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ جہاں جہاں ہمارے سفارتخانے ہیں وہاں پاکستان کی جانب سے بریفنگ دی جانی چاہیے اور دنیا کو بھارتی حقیقت کے بارے میں بتانا چاہیے۔ اُڑی والا معاملہ بھی اٹھا کر دنیا کو بتایا جائے کہ یہ کس طرح کی اوچھی حرکتیں کر رہے ہیں۔

شاہد لطیف کا کہنا تھا کہ بھارتی دراندازی کے بعد جب پاکستانی طیاروں نے اُڑان بھری تو دشمن کے طیارے دم دبا کر بھاگ گئے۔ اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں کو بھارت کی جانب سے سرجیکل اسٹرائیک کا نام دیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

بھارتی شرپسندی جنگ کو ہوا دینے کی کوشش ہے، تجزیہ کار

شاہد لطیف نے کہا کہ بھارت میں عام انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں اور مودی سرکار اس طرح کی بزدلانہ کارروائیاں کر کے بہادر بننے کی کوشش کر رہے ہیں۔ نریندر مودی کی انتخابات میں ہار یقینی ہے اور یہ انہیں خود بھی معلوم ہے، اپنی حکومت بچانے کے لیے مودی اپنی عوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی سرکاری بزدلانہ کارروائیاں کر کے اپنا چورن بیچنے کی کوشش کر رہی ہے تاہم پاکستان کی بروقت کارروائی پر اب بھارت اس طرح کی حرکت نہیں کرے گا۔

ریٹائرڈ ائر مارشل نے کہا کہ پاکستانی وزیر اعظم اور پاک فوج کی جانب سے بھارت کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ ابتدا تم کرو گے لیکن اس کو منطقی انجام تک ہم پہنچائیں گے اور بھارت کی کسی بھی شرپسندی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا بھی عوام کو بے وقوف بنا رہا ہے اور بھارت کی بزدلانہ کارروائیوں کو بڑھا چڑھا کر بھارتی فوج کو ہیرو بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ بھارتی میڈیا کی جانب سے پاکستان کا نقصان رپورٹ کیا جاتا ہے جب کہ اس میں ایسی کوئی حقیقت نہیں ہوتی۔


متعلقہ خبریں