گیس بلوں میں اضافہ، وزیر اعظم کا اضافی رقم واپس کرنے کا حکم

گیس بلوں میں اضافہ، وزیر اعظم کا اضافی رقم واپس کرنے کا حکم

فوٹو: ہم نیوز


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے گیس بلوں میں اضافہ پر ذمہ داران کے خلاف کارروائی اور متاثرین کو رقم واپس کرنے کا حکم دے دیا۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت گیس بلوں میں اضافے کے حوالے سی اعلی سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں گیس بلوں کے حوالے سے انکوائری رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کی گئی۔

ابتدائی انکوائری میں یہ بات ثابت ہو گئی کہ 30 فیصد صارفین کو اضافی بل بھیجے گئے۔

وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ جن 30 فیصد صارفین کو اضافی بل بھیجے گئے ہیں ان کو وصول شدہ تمام اضافی رقم واپس کی جائے اور اضافی بل بھیجنے والے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے۔

وزیر اعظم نے حکم دیا کہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری رکھی جائیں تاکہ تمام حقائق سامنے آسکیں۔ جیسے جیسے مزید تفصیلات سامنے آئیں گی عوام کو اس سے مطلع رکھا جائے گا۔

اس سے قبل سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے گیس بلوں میں اضافے کے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ کا اجلاس سینیٹر طلحہ محمود کی زیر صدارت ہواتھا۔

یہ بھی پڑھیں

گیس بلوں میں اضافہ، سینیٹ کمیٹی نے تحقیقات کا حکم دے دیا

اجلاس میں ہدایت کی گئی تھی کہ وزارت جو بھی رپورٹ بنائے کمیٹی کو بھی بھیجے۔

چیئرپرسن اوگرا عظمیٰ عادل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ گیس کے بلز میں اووربلنگ نہیں ہوئی ہے تاہم سلیبز تبدیل ہونے سے گیس کے بلوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے لیکن گیس کی قیمتیں بڑھانے کا اختیار حکومت کے پاس ہے، اوگرا کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

گیس کمپنی حکام نے کہا تھا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافے سے صرف دو فیصد صارفین متاثر ہوئے ہیں اور صرف ایک سلیب کے ٹیرف کی وجہ سے مسئلہ پیدا ہوا ہے تاہم ایک ماہ بعد گیس کا بل دوبارہ ٹھیک ہو جائے گا۔

گیس حکام نے کہا تھا کہ ایک سلیب کی قیمت 600 سے 1460 روپے پر چلی گئی ہے۔ اس وجہ سے یہ مسئلہ پیدا ہوا۔


متعلقہ خبریں