پارلیمان کا مشترکہ اجلاس کل طلب

پارلیمان کا مشترکہ اجلاس کل صبح11 بجے طلب

فائل فوٹو


اسلام آباد: حکومت نے بھارتی جارحیت کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلا لیا ہے۔ مشترکہ پارلیمنٹ کا اجلاس کل طلب کیا ہے۔

مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ وزیراعظم کی زیرصدارت ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری بھی مشترکہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اپوزیشن لیڈر مشترکہ اجلاس سے خطاب بھی کریں گے۔

حکومت نے وزیر ودفاع کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی ہے جو سیاسی قیادت کو موجودہ صورتحال پر اعتماد میں لے گی۔

یہ بھی پڑھیں

مسلح افواج اور قوم ہر طرح کے حالات کیلئے تیار رہے، وزیراعظم

بھارت کو جواب لازمی دیا جائےگا، شاہ محمود

بھارتی فضائیہ کی جانب سے دراندازی کے بعد وزیراعظم کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا گیا تھا۔ تین گھنٹے جاری رہا  جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر دفاع پرویز خٹک اور سینئر عسکری حکام بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں جانی نقصان کے بھارتی دعوں کو مسترد کر دیا گیا ہے۔ قومی سلامتی اجلا س میں حکومت کا بھارتی دراندازی کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھانے اور اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں کو آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

بھارتی دراندازی کے بعد وزارت خارجہ میں بھی ایک ہنگامی اجلاس ہوا ہے  جس میں سابقہ خارجہ سیکریٹریز اور سینیئر سفارت کاروں نے شرکت کی۔

اجلاس کے بعد شاہ محمود نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے اور بھارت  امن وامان کو تہہ و بالا کرنے پر تلا ہوا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سرحدوں کی حفاظت کے لیے افواج کے ساتھ شانہ بشانہ تیار کھڑے ہیں۔

یاد رہے کہ بھارتی فضائیہ نے 26 فروری کی صبح لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان میں در اندازی کی جس کو پاک فضائیہ نے ناکام بنا دیا۔

بھارتی ایئرفورس کے طیارے خیبرپختونخوا کے علاقے بالا کوٹ تک آگئے تھے لیکن پاک فضائیہ کی بروقت جوابی کارروائی نے دشمن کے طیاروں کو بھاگنے پر مجبورکردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور نے بتایا کہ بھارتی طیارے بالا کوٹ کے قریب اپنا پے لوڈ گرا کر واپس بھاگ گئے۔

بھارتی طیاروں کے گرائے گئے پے لوڈ سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔


متعلقہ خبریں