شہباز شریف کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کا فیصلہ

فوٹو: فائل


اسلام آباد: اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر اجلاس میں شرکت کے لیے لاہور سے اسلام آباد روانہ ہوں گے اور مشترکہ اجلاس سے خطاب بھی کریں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ سابق صدر آصف علی زرداری بھی مشترکہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کو جواب لازمی دیا جائے گا، شاہ محمود

واضح رہے کہ حکومت نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کل  طلب کیا ہے۔ حکومت کی طرف سے یہ فیصلہ آج قومی اسمبلی کے مطالبہ پر کیا گیا۔

پارلیمانی امور کے وزیر علی محمد خان نے قومی اسمبلی میں اعلان کیا کہ حکومت نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کر لیا ہے اور میں قومی سلامتی اجلاس سے ہو کر آیا ہوں۔

واضح رہے کہ آج ہونے والے قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے رکن خورشید شاہ نے بھارتی جارحیت کے خلاف مشترکہ پارلیمان کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا تھا۔ جس کی اپوزیشن اراکین نے ہاتھ اٹھا کر تائید کی۔

حکومتی اراکین کی جانب سے مشترکہ پارلیمان کا اجلاس بلانے کے مطالبہ پر حکومتی اراکین کی جانب سے حمایت نہ کرنے پر اپوزیشن اراکین نے شیم شیم کے نعرے لگائے تھے۔

بھارت کی جانب سے آج لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی گئی ہے اور بھارتی طیاروں نے پاکستان سرحد عبور کی تاہم پاک فضائیہ نے فوری جوابی کارروائی کرکے بھارتی طیاروں کو واپس بھاگنے پر مجبور کردیا۔

پلوامہ حملوں کے بعد سے بھارت پر جنگی جنون سوار ہے اور وہ ان حملوں کے لیے بار بار پاکستان کو ذمےدار قرار دے رہا ہے لیکن ابھی تک اس نے کوئی ثبوت پیش نہیں کیے ہیں۔ بعض تجزیہ نگاروں کی جانب سے یہ بھی کہا جارہا ہے کہ بھارت اس لیے ایسا کررہا ہے کیونکہ وہاں انتخابات ہونے جارہے ہیں لیکن بھارت کی جانب سے کسی بھی جارحیت کے خطرے کو خارج ازامکان قرار نہیں دیا جاسکتا۔


متعلقہ خبریں