بھارت کی پھر ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی

بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک پاکستانی شہری شہید، ایک زخمی

فائل فوٹو


اسلام آباد: بھارت نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔

عباسپور کنٹرول لائن سمیت سات سیکٹرز پر بھارتی قابض افواج کی جانب سے کنٹرول پر فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ جس کے باعث چھ افراد زخمی ہوگئے ہیں جبکہ ایک خاتون سمیت چار افراد شہید ہوگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق عباسپور کنٹرول لائن پر بھارتی افواج نے ککوٹہ، پولس، تروٹی ، ستوال ، پنیال دھڑا اور چڑی کوٹ منڈہول پر فائرنگ کی ہے جبکہ علاقے میں مواصلاتی نظام بھی بند ہوگیا ہے جبکہ سیری کے علاقوں میں کچھ افراد کے زخمی ہونے کی بھی  اطلاعات ہیں۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ چار زخمیوں کو کوٹلی ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

کوٹلی آزاد کشمیرمیں نکیال سیکٹر کے علاقوں داتوٹ‘، موہڑہ دھروتی، پیر کلنجر اور ڈبسی میں شدید فائرنگ کی گئی ہے جبکہ انٹرنیٹ سروسز موبائل سمیت ٹیلی فون بند  ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ کھویرٹہ سیکٹر میں بھی شدید فائرنگ کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق گولہ باری اتنی شدید ہے کہ ان کی آوازیں کوٹلی شہر کے اطراف میں بھی سنائی دے رہی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کوٹلی آزاد کشمیر کی طرف سے الرٹ جاری کردیا گیا ہے جبکہ ریسکیو 1122 کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے۔

آج ہی بھارتی فضائیہ کی جانب سے پاکستانی سرحد پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی تھی تاہم پاک فضائیہ کی بروقت جوابی کارروائی نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرنے والے بھارتی طیاروں کو بھاگنے پر مجبور کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان مناسب جواب کا حق محفوظ رکھتا ہے، شاہ محمود

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا تھا کہ بھارتی طیارے سرحد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مظفر آباد سیکٹر پر لائن آف کنٹرول پر تین سے چار میل آزاد جموں اینڈ کشمیر کی حدود میں آئے۔ بھارتی طیاروں نے جلد بازی میں واپس جاتے ہوئے کھلے میدان میں اپنا پے لوڈ آف کیا اور فرار ہو گئے۔

انہوں نے کہا کہ طیاروں نے کسی انفرااسٹریکچر کو نشانہ نہیں بنایا اور نہ ہی کسی قسم کا جانی نقصان ہوا ہے۔ واقعہ کی تیکنیکی تفصیلات اور اہم معلومات آ رہی ہیں۔

کچھ دیر قبل ہی بھارتی سفارتی مشن کے سربراہ نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ہمارا کشیدگی بڑھانے کا کوئی ارادہ نہیں۔

بھارتی سفارتی مشن کے سربراہ کا بیان پاکستان کی جانب سے بھارت کی جارحیت کا جواب دینے کے اعلان کے بعد سامنے آیا۔ انہوں نے کہا تھا کہ  ہم ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے جبکہ بھارت نے عالمی سفارتی مشنز کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔


متعلقہ خبریں