بھارتی حماقت سے خطے کا ماحول خراب ہوا، دفاعی ماہرین



اسلام آباد: دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارتی حملے سے خطے کا ماحول خراب ہوگیا ہے جس میں آنے والے وقت میں مزید خرابی اور سختی پیدا ہونے کاخدشہ ہے۔

پروگرام نیوزلائن میں میزبان ڈاکٹر ماریہ ذوالفقار سے گفتگو کرتے ہوئے میجر جنرل (ر) اعجاز اعوان کا کہنا تھا کہ بھارت کمشیر میں جاری جدوجہد کو دبانے میں ناکام ہوا، افغان امن عمل میں کوئی کردار نہیں، الیکشن میں اپنی کوئی مقبولیت دوبارہ پانے اور پاکستان پر الزامات کو کوئی ثبوت نہیں پیش کرسکا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے حماقت سے خطے کا ماحول خراب کردیا ہے، جس میں آنے والے وقت میں مزید خرابی ہوگی ۔جس ملک میں جنگ کا خطرہ ہو وہاں سرمایہ کار نہیں آتا، اگر کشیدگی بڑھی تو دونوں ممالک میں ہونے والی سرمایہ کاری کو فرق پڑے گا۔

اعجاز اعوان نے کہا کہ پاکستان کو عالمی دنیا کی توجہ کشمیر کی جانب کرانی ہوگی کہ جب تک اس کا حل نہیں ہوتا تب تک خطے میں مستقل امن قائم نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو او آئی سی سے نکلوانا پاکستان کی سفارتی پالیسیوں کا امتحان ہے۔

پاکستان کو بھارت کو جواب دینا ہوگا،نعیم خالدلودھی

لیفٹینٹ جنرل (ر) نعیم خالد لودھی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں امن اورسرمایہ کاری کا آنا بھارت کو ہضم نہیں ہورہا، بھارت نے ایل او سی پارکی ہے، پاکستان نے اب اس کا جواب دینا ہے۔

ان کاکہنا ہے کہ پاکستان پرعالمی دباوآئے گا کہ نقصان نہیں ہواتو کچھ نہ کرو، ورنہ مزید یہ بھی ہوسکتا ہے اور وہ بھی ہوسکتا ہے لیکن پاکستان کو جواب دینا ہوگا ورنہ سیاسی اورفوجی قیادت پردباو بڑھے گا۔

نعیم خالدلودھی نے کہا کہ بھارتی جارحیت کو عالمی سطح پراٹھایاجائے۔بھارت کو متحدہ عرب امارات نے اہمیت اس لیے دی ہے کہ خطے میں اورامریکہ میں سفارتی سطح پر اس کا اثرورسوخ ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اس معاملے پرمکمل طورپراپوزیشن کو ساتھ لے کرچلے۔

بھارت پاکستان کو جنگ کی طرف دھکیلنا چاہتا ہے، شہزاد چوہدری

ائیروائس مارشل (ر) شہزاد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے دنیا میں مواقع پیدا ہوئے جنہیں پاکستان نے استعمال کیا، اس پر بھارت میں شدید اشتعال ہے اور بھارت پاکستان کو جنگی ماحول کی طرف دھکیلنا چاہتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی کوشش ہے کہ پاکستان کو زیادہ سے زیادہ ڈی ٹریک کرے۔

شہزاد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کے لیے بھارت کی شرارت سے  بڑا اور مشکل چینلج ہے کہ بھارت کو او آئی سی کی دعوت ہے، پاکستان کو اس معاملے پر واضح پیغام دینا چاہیئے کہ یہ ہمارے لیے قابل قبول نہیں ہے۔


متعلقہ خبریں