شاہ محمود قریشی کا مائیک پومپیو سے ٹیلی فونک رابطہ

فائل فوٹو


اسلام  آباد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے امریکی سیکرٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔

دونوں وزرا خارجہ نے خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جبکہ شاہ محمود قریشی نے امریکی سیکرٹری آف اسٹیٹ کو بھارت کی طرف سے لائن آف کنٹرول پرسیز فائر کی خلاف ورزی اور حکومت پاکستان، پارلیمنٹ اور عوامی جذبات سے آگاہ کیا۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ ہندوستان سیاسی مقاصد اور انتخابات کے لیے جنوبی ایشیا کے امن شدید خطرات سے دوچار کر رہا ہے۔ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے لیکن ہم اپنی سالمیت پر سمجھوتہ نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ہندوستان کے عزائم سے پہلے ہی بین الاقوامی برادری کو آگاہ کر چکے تھے۔ پاکستان نے پلوامہ واقعہ کے بعد ہندوستان کی طرف سے دھمکیوں کے باوجود، انتہائی ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے امریکی ہم منصب کو بتایا کہ ہندوستان کی اس جارحیت سے افغانستان میں قیام امن کے لیے کی جانے والی مشترکہ کاوشیں متاثر ہو سکتی ہیں۔ بھارت کا یہ جارحانہ اقدام انتہائی قابل مذمت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کی پھر ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی

ان کا کہنا تھا کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ امریکا اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔

بھارت کی جانب سے ایل او سی پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی

واضح رہے بھارت کی جانب سے ایل او سی پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی جا چکی ہے۔ بھارتی فضائیہ نے پاکستانی سرحدوں کی خلاف ورزی کی اور بھارت کے جنگی طیارے پاکستانی حدود میں داخل ہوگئے تاہم پاک فضائیہ کی بروقت کارروائی کے باعث پے لوڈ گرا کر فرار ہوگئے۔

اسی تناظر میں ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ بھارت پاکستانی فضائی حدود میں 21 منٹ رہنے کا دعویٰ کررہا ہے، چیلنج کرتا ہوں بھارت اتنی دیر ہماری فضائی حدود میں رہ کر دکھائے۔


متعلقہ خبریں