بھارت نے چار بم گرائے، ہمیں آٹھ گرانے چاہئیں: مشرف



اسلام آباد: سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ پاکستان کو بھارت کے خلاف اپنی طاقت کا اظہار کرتے ہوئے چار کے بجائے آٹھ بم گرانے چاہئیں۔

پروگرام ندیم ملک لائیومیں میزبان ندیم ملک سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بھارت کو واضح طورپربتانا چاہیے کہ پاکستان اپنی پوری طاقت استعمال کرے گا، اگر یہ نہ کیا گیا تو بھارت اپنے عزائم سے بازنہیں آئے گا۔

’ہزار فیصد بھارتی حملے کا جواب دینا چاہیے‘

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ہزار فیصد بھارتی حملے کا جواب دینا چاہیے، اپنا دفاع مضبوط رکھیں اور جہاں ہم مار سکتے ہیں اس کی تیاری پوری رکھیں، اگر ہماری تیاری رہی تو پھر بھارت حملے کا سوچے گا بھی نہیں۔

پرویز مشرف نے کہا کہ اگر بھارت  بار بار حملہ کرے گا تو یہ ردعمل بھی آئے گا، ہمیں بھارت کو اینٹ کا جواب پتھرسے دینا ہوگا، بھارت ہوش کے ناخن لے کہیں پاکستان کو ایٹمی ہتھیاراستعمال نہ کرنے پڑجائیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو حملے کے لیے آنے والے بھارتی طیاروں کو مار گرانا چاہیے تھا۔

پاکستان کو معاملہ عالمی سطح پراٹھانا چاہیے، شیری رحمان

پیپلزپارٹی کی رہنما شیری رحمان کا کہنا ہے کہ بھارت نے خطے کے امن کو داؤ پر لگادیا ہے، دنیا کی کشمیر میں بڑھتی ہوئی توجہ کو ہٹانے کے لیے بھارت نے یہ قدم اٹھایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسے معاملات میں پاکستان کو ذمہ داری سے جواب دینا ہوگا، پاکستان کو فوری طورپر سفارتی سطح پرجواب دینا چاہیے کہ بھارت نے کیا قدم اٹھایا۔

رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ او آئی سی میں بھارت کو ملنے والے درجے کے خلاف پاکستان کو بھرپورکوشش کرنی چاہیے۔

اگرجواب نہ دیا تو بھارت بار بار ایسا کرے گا، فخر امام

تحریک انصاف کے رہنما فخرامام نے کہا کہ پاکستان کو بھارت کو مناسب جواب دینا چاہیے، قومی اسمبلی میں تمام سیاسی جماعتوں نے متحد ہوکر بھارت اور دنیا کو واضح پیغام دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نے جو کرنا ہے اپنے ملک میں کرے، اگر بھارت نے پاکستان میں کوئی جارحیت دکھائی تو بھرپور جواب دیا جائے گا، اگر ایک بارجواب نہ دیا تو بھارت بار بار کرے گا۔

فخرامام نے کہا کہ دنیا میں انسانی حقوق کی بات ہوتی ہے لیکن کشمیر میں جاری مظالم پر کوئی بات نہیں کرتا۔

انہوں نے کہا کہ مودی نے انتہائی غیرذمہ داری سے حکومت کی ہے، پاکستان کو بااختیار ملک ہونے کا بتانا چاہیے اور عالمی برداری میں اپنے وفود بھیجنے چاہئیں۔

پاکستان کو سوچ سمجھ کر آگے بڑھنا ہوگا، مسعود اختر

ائیرمارشل مسعود اختر کا کہنا ہے کہ بھارتی ائیرفورس کے طیارے آئے اور اس سے پہلے کہ جواب دیا جاتا واپس چلے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالات جس طرف جارہے ہیں یہ دونوں ممالک کی سیاسی قیادت کے قابو سے کہیں باہرہی نہ ہوجائیں۔

مسعود اختر نے کہا کہ پاکستانی فوج کو عوام اورسیاسی قیادت کی حمایت حاصل ہے اب اس پر کچھ نہ کچھ کرنا ہوگا اور بھارت کو جواب دینا ہوگا، پاکستان کو طاقتور مؤقف اپنانا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں ٹارگٹ بے تحاشہ ہیں، پاکستان کو اس معاملے میں سوچ سمجھ کر آگے جانا ہوگا۔


متعلقہ خبریں