پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی عائد


اسلام آباد: سنِیما ایگزیبیٹرز ایسوسی ایشن نے پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی عائد کردی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے بتایا کہ پاکستان میں کوئی بھارتی فلم ریلیز نہیں کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پیمرا کو بھی ہدایت جاری کی ہیں کہ بھارتی اشتہارات چلانے والوں کے خلاف کارروائی کرے۔

خیال رہے کہ یہ پیشرفت ایک ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب بھارتی فضائیہ نے 26 فروری کی صبح لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان میں در اندازی کی جس کو پاک فضائیہ نے ناکام بنا دیا۔

بھارتی ایئرفورس کے طیارے خیبرپختونخوا کے علاقے بالا کوٹ تک آگئے تھے لیکن پاک فضائیہ کی بروقت جوابی کارروائی نے دشمن کے طیاروں کو بھاگنے پر مجبور کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور نے بتایا تھا کہ بھارتی طیارے بالا کوٹ کے قریب اپنا پے لوڈ گرا کر واپس بھاگ گئے۔

بھارتی طیاروں کے گرائے گئے پے لوڈ سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

14 فروری کو کشمیر میں بھارتی فوج پر ہوئے حملے کے بعد پاک بھارت تعلقات انتہائی کشیدہ ہوگئے ہیں۔ حملے میں 44 بھارتی فوجی مارے گئے تھے۔ بھارت نے حملے کے بعد بلا تحقیق پاکستان پر الزام لگایا تھا۔


متعلقہ خبریں