بھارتی دراندازی، پاکستان نے مختلف ممالک کو اعتماد میں لینا شروع کردیا

امن مشنز کے ساتھ مذاکرات بھی ہونے چاہئیں، ملیحہ لودھی

اسلام آباد: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مشن نے بھارتی جارحیت کے خلاف مختلف ممالک کو اعتماد میں لینا شروع کر دیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ میں اہم سفیروں سے ملاقاتیں کیں۔

بین الاقوامی میڈیا کو بھی پاکستانی مؤقف سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔ بھارتی خلاف ورزی کی او آئی سی کے جانب سے مذمت سے بھی اقوام متحدہ اور سفیروں کو آگاہ کیا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ بھارتی دراندازی کے بعد کی صورت حال پر غور کے لیے وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس جمعرات کو طلب کرلیا ہے۔

’مسلح افواج اور قوم ہر طرح کے حالات کیلئے تیار رہے‘

اس سے قبل قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مسلح افواج اور قوم ہر طرح کے حالات کیلئے تیار رہے۔

اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اس حملے کا بھرپور جواب دے گا اور جواب کے لیے وقت اور جگہ کا انتخاب خود کرے گا۔

وزیراعظم نے بروقت جوابی کارروائی پر پاک فضائیہ کی تعریف کی اور پاکستانی قیادت نے بالاکوٹ میں بھاری جانی نقصان کو بھی حقائق کے برعکس قرار دیا ہے۔

قومی سلامتی کمیٹی  کا اجلاس تین گھنٹے جاری رہا  جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر دفاع پرویز خٹک اور سینئر عسکری حکام بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں بھارتی دراندازی کو  خطے میں امن کے لئے خطرناک قرار دیا گیا ہے اور آئندہ کا لائحہ عمل بھی طے پایا ہے۔

’بھارت پاک فوج کے جواب کا انتظار کرے‘

بعدازاں ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنی پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ بھارت اب ہمارے جواب کا انتظار کرے، جواب کہاں اور کس وقت دینا ہے یہ فیصلہ ہم کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت دعویٰ کررہا ہے کہ 350 دہشت گرد مارے، اگر دس بھی ہوتے تو وہاں خون ہوتا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ میں نے کہا تھا کہ آپ ہمیں کبھی حیران نہیں کرپائیں گے، آپ نے ہمیں حیران نہیں کیا، ہم آپ کو سرپرائز کریں گے۔

بھارت کی دراندازی کی کوشش ناکام

اس سے قبل 26 فروری کی صبح لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان میں در اندازی کی جس کو پاک فضائیہ نے ناکام بنا دیا۔

بھارتی ایئرفورس کے طیارے خیبرپختونخوا کے علاقے بالا کوٹ تک آگئے تھے لیکن پاک فضائیہ کی بروقت جوابی کارروائی نے دشمن کے طیاروں کو بھاگنے پر مجبور کردیا۔

میجر جنرل آصف غفور نے بتایا تھا کہ بھارتی طیارے بالا کوٹ کے قریب اپنا پے لوڈ گرا کر واپس بھاگ گئے۔

بھارتی طیاروں کے گرائے گئے پے لوڈ سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔


متعلقہ خبریں