بھارت کو دعوت، پاکستان کا او آئی سی اجلاس میں شریک نہ ہونے کا فیصلہ

بھارت کا اصل منصوبہ پاکستان کے پانچ مقامات پر حملہ کرنا تھا، وزیر خارجہ | ہم نیوز

اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کو مدعو کئے جانے پر او آئی سی کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سیکریٹری جنرل او آئی سی کو ٹیلی فون کرکے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کو مدعو کئے جانے پر احتجاج کیا۔

ہم نیوز سے گفتگو میں شاہ محمود نے واضح کیا کہ جس اجلاس میں سشما سوراج ہوں گی اس میں شریک نہیں ہوں گا، ان کو او آئی سی میں مہمان خصوصی مدعو کرنا ہمیں قبول نہیں۔

مزید پڑھیں: بھارت پاک فوج کے جواب کا انتظار کرے، ترجمان

انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کےخلاف جارحیت کی ہے اور کشمیری مسلمانوں پر بھی ظلم کررہا ہے۔

شاہ محمودقریشی نے بتایا کہ ان کی اس سلسلے میں متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ سے بھی بات ہوئی، مختلف ملکوں کےوزرائےخارجہ سےموجودہ صورت حال پربات ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت سیاسی مقاصد کے لیے خطے کے امن کو داؤ پر لگارہی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ تین کیمپ اور متعدد دہشت گرد مارنے کا بےبنیاد دعویٰ کیا گیا۔

شاہ محمودقریشی نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے بھی خطے کی صورت حال پر بات کی۔

یہ بھی پڑھیں: مسلح افواج اور قوم ہر طرح کے حالات کیلئے تیار رہے، وزیراعظم

ان کا کہنا تھا کہ افغان امن عمل میں پاکستان کا تعمیری رول ہے، مائیک پومپیو کو بتایا کہ اس واقعہ نے افغان امن عمل کو بھی نقصان پہنچایا۔

شاہ محمودقریشی نے ہم نیوز کے پلیٹ فارم سے قوم کو متحدہونے کی اپیل بھی کی۔

او آئی سی وزرائے خارجہ کا دو روزہ اجلاس یکم مارچ سے ابوظہبی  میں ہوگا۔


متعلقہ خبریں