اقوام متحدہ: پاکستان اور بھارت کو تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مشورہ


اسلام آباد: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے پاکستان اور بھارت سے موجودہ صورتحال میں انتہائی تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک سے کہا ہے کہ صورتحال کو مزید خراب ہونے سے بچایا جائے۔

یہ بات اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان کے حوالے سے عالمی ذرائع ابلاغ میں سامنے آئی ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے واضح کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان موجود صورت حال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔

پاکستان کے وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کو خط لکھا ہے کہ بھارت کی دراندازی پاکستان کے خلاف جارحیت ہے۔ اقوام متحدہ کو ایک ہفتہ میں دوسرا خط بھیجا گیا ہے۔

انہوں نے لکھے گئے خط میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ سلامتی کونسل بھارت کے جارحانہ اقدامات کو فوری رکوائے اور ساتھ ہی واضح کیا ہے کہ پاکستان اپنے دفاع میں مناسب کارروائی کرنے کا حق رکھتا ہے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ صورتحال کی نزاکت دیکھ کر آپ کو یہ خط بھیج رہا ہوں۔ اس ضمن میں ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے مظفرآباد سیکٹر پر خلاف ورزی کی اور پاک سرزمین کو نشانہ بنایا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو بھیجے گئے خط میں ان کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت سے خطے میں امن و سلامتی کے لئے سنگین خطرات پیدا ہوگئے ہیں۔ انہوں نے لکھے گئے خط میں یاد دلایا تھا کہ بھارت کا جارحانہ اقدام اقوام متحدہ کے چارٹر، عالمی قوانین اور بین الریاستی ضابطوں کی کھلی و صریحاً خلاف ورزی ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کو بھیجے جانے والے خط میں انہوں نے واضح کیا ہے کہ بھارت کی جانب سے دی جانے والی دھمکیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

پاکستان کے وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے لکھا تھا کہ گزشتہ خط میں بھارت کے جنگی جنون اور دی جانے والی دھمکیوں سے آگاہ کیا تھا۔ ان کا خط میں کہنا تھا کہ گزشتہ تحریر کردہ خط میں امن و سلامتی کی بگڑتی ہوئی صورتحال کی جانب توجہ مبذول کرائی تھی۔

بھارتی عزائم بے نقاب کرتے ہوئے مخدوم شاہ محمود قریشی نے مؤقف اپنایا تھا کہ بھارت ایک جانب مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی سے عالمی توجہ ہٹانا چاہتا ہے تو دوسری جانب مودی جنگی جنون پیدا کرکے الیکشن میں فائدہ اٹھانے کا خواہش مند ہے۔

پاکستان کے وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ایک ہفتہ قبل بھی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو خط بھیجا تھا جس میں بھارت کی جانب سے دی جانے والی دھمکیوں کا ذکر کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے دونوں ممالک کے مابین موجود کشیدگی ختم کرانے کے لیے مداخلت کرنے کی اپیل کی گئی تھی۔


متعلقہ خبریں