پاک آسٹریلیا سیریز: قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت شعیب ملک کریں گے

فٹ ہوں، رنز بنا رہا ہوں اور رنز روک رہا ہوں تو ریٹائرمنٹ کا ارادہ نہیں ہے: شعیب ملک

دبئی: آسٹریلیا کے خلاف آئندہ ماہ سے شروع ہونے والی پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت شعیب ملک کریں گے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اس دوران آرام کریں گے۔

آلراؤنڈر کی شہرت رکھنے والے شعیب ملک نے جنوبی افریقہ کے خلاف حالیہ سیریز میں بھی کپتان سرفراز احمد پر پابندی لگنے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت کی تھی۔

قومی کرکٹ ٹیم نے شعیب ملک کی قیادت میں جنوبی افریقہ کے خلاف دو ون ڈے میچوں کے علاوہ ٹی-20 سیریز بھی کھیلی تھی۔

ہم نیوز کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئندہ ورلڈ کپ تک کے لیے کپتان مقرر کیا ہے لیکن آئندہ ماہ شروع ہونے والی سیریز میں کپتان سمیت چند دیگر کھلاڑیوں کو بھی آرام کرانے کا فیصلہ ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی نے باہمی مشاورت سے کیا ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی عدم موجودگی میں رضوان وکٹ کیپنگ کا فریضہ انجام دیں گے۔

قومی کرکٹ ٹیم گزشتہ چھ ماہ سے مسلسل میچز کھیل رہی ہے جس کی وجہ سے کھلاڑیوں کو آرام کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق اس ضمن میں اہم ترین فیصلہ انضمام الحق اور کوچ مکی آرتھر کی طویل ملاقات کے دوران کیا گیا۔ اسی ملاقات میں طے ہوا کہ کپتان سرفراز احمد کے علاوہ شاداب خان کو بھی آسٹریلیا سیریز میں آرام کرایا جائے گا۔

ذمہ دار ذرائع کے مطابق پاکستان سپر لیگ میں ذمہ دارانہ بیٹنگ کرنے کی وجہ سے عمر اکمل کو بھی قومی کرکٹ ٹیم میں چانس دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز 22 سے 31 مارچ تک متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائے گی۔

ورلڈ کپ سے قبل بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف پانچ ون ڈے اور ایک ٹی-20 سمیت مجموعی طور پر گیارہ میچز کھیلنے ہیں۔


متعلقہ خبریں