امن کوششوں کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، ملیحہ لودھی

کشمیر:سلامتی کونسل کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں رکوانا ہونگی،ملیحہ لودھی

فوٹو: فائل


نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ پاکستان امن کا داعی ہے لیکن ہماری امن کوششوں کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ میں مشن کی سفارتی کوششیں اور عالمی میڈیا سے رابطے جاری ہیں اور انہیں بھارتی اشتعال انگیزی کے جواب میں پاکستان کی حکمت عملی سے آگاہ کیا گیا ہے۔

انہوں ںے کہا کہ پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کرنے پر پاکستان جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے، دنیا کو سمجھنا چاہیے کہ کون امن کے ساتھ ہے اور کون خطے کو خطرات کی جانب دھکیلنا چاہتا ہے۔

اس سے قبل اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے غیر ملکی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ پاک بھارت کشیدہ صورتحال قابو سے باہر جا سکتی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے بھارت کو مذاکرات کی دعوت دی ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال کو بحال کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں

بھارتی اقدامات سے خطے کو سنگین خطرات لاحق ہیں، ملیحہ لودھی

انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان کی جانب سے 14 فروری کے واقعہ کی تحقیقات کرانے کی بھی پیشکش کی گئی ہے اور موجودہ صورتحال کا حل الزامات  نہیں مذاکرات ہیں۔ پاکستان کی جانب سے پلوامہ حملے میں ملوث ہونے کی تردید کی جاچکی ہے۔

پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کی مسلسل خلاف ورزی اور مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی پامالی سے صورتحال خراب ہو رہی ہے جب کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔

ملیحہ لودھی نے گزشتہ انٹرویو میں پاک بھارت کی موجودہ صورتحال پر عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف مسلسل کارروائیاں کر رہا ہے اور دہشت گردی کی وجہ سے پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے گزشتہ روز اقوام متحدہ میں اہم سفیروں سے ملاقاتیں کیں۔

بین الاقوامی میڈیا کو بھی پاکستانی مؤقف سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔ بھارتی خلاف ورزی کی او آئی سی کے جانب سے مذمت سے بھی اقوام متحدہ اور سفیروں کو آگاہ کیا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں