نارتھ کراچی میں طالبہ پولیس کی گولی سے جاں بحق ہوئی، رپورٹ

فوٹو: فائل


کراچی: نارتھ کراچی میں مبینہ مقابلے کے دوران جاں بحق ہونے والی راہگیر طالبہ کا پولیس کی گولی سے جاں بحق ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

نارتھ کراچی میں مقابلے کے دوران جاں بحق ہونے والی طالبہ نمرہ کی انکوائری رپورٹ سامنے آ گئی۔

طالبہ کے جاں بحق ہونے پر بنائی گئی انکوائری کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ 20 سالہ میڈیکل کی طالبہ نمرہ پولیس کی گولی لگنے سے جاں بحق ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق پولیس اہلکار چار کلومیٹر دور سے ملزمان کا پیچھا کرتے ہوئے آئے اور جائے وقوعہ پر مقابلہ ہوا۔ مقابلے کے دوران دو طرفہ فائرنگ میں نمرہ کو گولی لگی جب کہ مقابلے میں شریک اہلکاروں کو معلوم نہیں تھا کہ نمرہ کو گولی لگی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے رش والے علاقے میں نہیں بلکہ سنسان جگہ پر مقابلہ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں

کراچی: ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 20 سالہ لڑکی جاں بحق

پولیس ترجمان کے مطابق قتل پر بننے والی تحقیقاتی کمیٹی نے جائے وقوعہ کا دورہ بھی کیا ۔ نعمان صدیقی اور سمیع اللہ سومرو پر مشتمل کمیٹی نے تحقیقات کیں۔

کمیٹی کے ارکان نے نارتھ کراچی میں انڈا موڑ پر جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور عینی شاہدین سے بیانات لیے جب کہ کمیٹی کے ارکان مقتول طالبہ نمرہ کے گھر بھی گئے اور انہیں انصاف کی یقین دہانی کرائی تھی۔

تحقیقاتی کمیٹی کے ارکان نے مقتولہ نمرہ کے ماموں اور دیگر فیملی ارکان کے بیانات  بھی ریکارڈ کیے

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے رپورٹ طلب کی تھی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا تھا کہ اس قسم کے واقعات ناقابل برداشت ہیں، مجھے تفیصلی رپورٹ چاہیے کہ یہ واقعہ کس کی غفلت سے واقعہ پیش آیا۔

ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق نمرہ کو سر میں دائیں جانب سے لگنے والی گولی موت کا سبب بنی تھی جو چھوٹے ہتھیار کی معلوم ہوتی ہے۔


متعلقہ خبریں