پاک بھارت کشیدگی: ترکی کی پاکستان کو تعاون کی یقین دہانی

پاک بھارت کشیدگی: ترکی کی پاکستان تعاون کی یقین دہانی

فائل فوٹو


اسلام آباد: پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ترک ہم منصب مولود چاوش اولو سے ٹیلفونک رابطہ کیا ہے۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے، ترک ہم منصب کو بھارت کی طرف سے کی جانے والی دراندازی اور خطے میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال سے آگاہ کیا۔

ترک وزیر خارجہ نے شاہ محمود قریشی کو اپنی حکومت کی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔

پاکستانی وزیرخارجہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے لیکن ہم اپنی سالمیت اور وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتے، ہم بھارتی جارحیت کے خلاف دفاع کا مکمل حق رکھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

پاک بھارت معاملات کو مزید کشیدہ نہ کریں، امریکہ

پاکستان اور بھارت صبر سے کام لیں، چین

یادرہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کے بعد پاکستان نے دنیا بھر کے ممالک سے رابطے شروع کر دیے ہیں اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھی معاملے کو اٹھایا ہے۔

بھارتی دراندازی سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید خراب ہوگئے ہیں۔ پاکستان کی طرف سے بھارت کو بھرپور جواب دینے کا عندیہ بھی دیا ہے۔ پاکستانی وزیراعظم نے بھی مسلح افواج اور قوم کو ہر قسم کے حالات کیلئے تیار رہنے کا کہا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور نے بھی کہا ہے کہ دشمن کو دراندازی کو بھرپور جواب دیا جائے گا۔

بین الاقوامی برادری بھارت کی جانب سے دراندازی کے بعد دونوں ممالک کو صبرو تحمل سے کام لینے کا مشورہ دے رہی ہے۔ امریکہ نے بھی کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مزید عسکری سرگرمیاں نہیں ہونی چاہیں۔

پاکستان کے دوست ملک چین نے بھی احتیاط سے کام لینے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان وہ اقدامات کریں گے جس سے خطے میں استحکام اور دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری آئے۔


متعلقہ خبریں