پاکستان کا سرپرائز، 2 بھارتی طیارے تباہ کر دیے



اسلام آباد: پاکستانی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ نے ایل او سی پر جوابی کارروائی کی ہے۔ جوابی کارروائی پاکستانی حدود میں رہتے ہوئے کی گئی۔ پاکستان نے بھارت کی فضائی حدود کی خلاف ورزی نہیں کی ہے۔

دفتر خارجہ کی طرف سے کہا گیا ہے کہ پاک فضائیہ کی کارروائی کو جوابی وار نہیں کہا جا سکتا۔ اس کا مقصد اپنے حق کو محفوظ  رکھنا ہے۔ ہم اپنے دفاع کے لیے کارروائی کا حق رکھتے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کی طرف سے ایک ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی طیاروں نے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی جس پر پاک فضائیہ کی جوابی کارروائی میں دشمن کے دو طیارے مار گرائے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

جواب دینے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا، آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ایک بھارتی پائلٹ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ایک طیارے کا ملبہ آزاد کشمیر اور دوسرے کا مقبوضہ کشمیر میں گرا۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ دوبھارتی پائلٹ علاقے میں موجود ہیں انہیں تلاش کیا جارہا ہے۔

بھارتی میڈیا نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان کے طیاروں نے بھارتی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارتی جنگی طیاروں کو مار گرایا، پاکستان طیاروں نے پونچھ اور راجوڑی میں سے داخل ہو کر بھارتی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی۔

بھارتی طیارے میں سوار دونوں پائلٹ ہلاک ہو گئے۔

واضح رہے کہ پاک بھارت کشیدگی کی وجہ سے سرحدوں کی دونوں جانب جنگی طیاروں کی پروازیں جاری ہیں۔

بھارت نے لائن آف کنٹرول پر کشیدگی برقرار رکھنے کی کوشش میں سری نگر ائرپورٹ کو 3 گھنٹے کے لیے بند کر دیا۔

رواں ماہ کی 19 تاریخ کو بھی بھارت کے دو جنگی طیارے بنگلور میں تربیتی مشقوں کے دوران گر کر تباہ ہوئے تھے۔ جس میں ایک پائلٹ ہلاک اور دو افراد زخمی ہوئے تھے۔

طیارے ایئر شو کی ریہرسل کر رہے تھے اور فضا میں آپس میں ٹکرائے۔ بھارتی جنگی طیاروں کا ملبہ رہائشی آبادی کے قریب گرا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

بھارت کے دو جنگی طیارے آپس میں ٹکرا گئے

قبل ازیں یکم فروری 2019 کو بھی بھارت کا لڑاکا طیارہ گر کر تباہ ہوا تھا جس سے دو پائلٹس ہلاک ہوگئے تھے۔ یکم فروری کا حادثہ ریاست کرناٹک میں پیش آیا تھا جس میں لڑاکا طیارہ میراج 2000 اڑان بھرنے کے کچھ دیر بعد نامعلوم وجوہات کے باعث حادثے کا شکار ہوگیا۔

28 جنوری 2019 کو بھی بھارتی فضائیہ کا لڑاکا طیارہ ’جیوگر‘ گرکر تباہ ہوا تھا جس میں پائلٹ محفوظ رہا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ لڑاکا طیارہ جیوگر اڑان بھرنے کے کچھ دیر بعد بے قابو ہوگیا اور ریاست اترپردیش کےعلاقے خوشی نگر کے جنگل میں گرکر تباہ ہوا۔


متعلقہ خبریں