پاک فضائیہ کی کارروائی پر سیاسی رہنماؤں کا ردعمل

پاک فضائیہ کی کارروائی پر سیاسی رہنماؤں کا ردعمل

فائل فوٹوز


اسلام آباد: پاک فضائیہ کی جانب سے بھارتی طیارے گرانے پر سیاسی رہنماؤں کی طرف سے حوصلہ افزا ردعمل دیکھنے میں آرہا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے شاہینوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے۔ پاک فضائیہ نے اپنی تابندہ اور درخشاں روایات میں آج ایک اور روشن باب کا اضافہ کردیا ہے۔

شہبازشریف نے کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں دشمن پر فتح ونصرت عطا فرمائی، قوم سجدہ شکر بجا لائے، ہر جارحیت پر دشمن کو ایسا ہی دندان شکن جواب ملے گا انشااللہ۔

یہ بھی پڑھیں
پاکستان کا سرپرائز، 2 بھارتی طیارے تباہ کر دیے

جواب دینے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا، آئی ایس پی آر

انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہیں اور ان پر بھرپور اعتماد رکھتی ہے، یہ بھارت کے لئے پیغام ہے کہ وہ جنگی جنون اور جنوبی ایشیا میں بدامنی کی منفی سوچ ترک کرے۔ بھارتی قیادت ہوش کے ناخن لے اور امن و مذاکرات کی راہ اپنائے، بھارتی قیادت حماقت پر مزید حماقت کی غلطی نہ کرے۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بھارت نے ایک بار پھر کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کی، افواج پاکستان نے اپنا دفاعی حق استعمال کیا، بھارت کو چاہیے کہ سرحدوں کے تقدس کا احترام کرے۔

وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت اور سندھ کے عوام اپنی فوج کے ساتھ کھڑے ہیں، پاک فضائیہ نے آج دشمن کو منہ توڑ جواب دیا ہے،ہماری فوج کو جب جب مدد کی ضرورت ہوگی حکومت سندھ اپنا کردار ادا کرے گی۔

امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ شاباش پاکستان کے شاہینو، ثابت ہوگیا افواج پاکستان ملکی دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ بھارت نے جس شر انگیزی کا آغاز کیا ، اس کا اختتام پاکستان کر ے گا۔

عبدالعلیم خان نے پاک فوج کو طیارے گرانے پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم نے دو طیارے گرائے ہیں اگر لڑنا پڑا تو ہم پاک فوج کیساتھ کھڑے ہیں، پوری قوم پاک فوج کیساتھ ہے ہمیں اپنی فوج پر فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم مودی کو ہر سطح پر جواب دیں گے، پوری پاکستانی قوم اور سیاسی و مذہبی جماعتیں پاکستانی سالمیت کیلئے متحد ہے۔


متعلقہ خبریں