فوج ہمارے اور ہم فوج کے ساتھ ہیں، مقامی آبادی نکیال سیکٹر



اسلام آباد:پروگرام نیوزلائن کی اینکر ڈاکٹر ماریہ ذوالفقار سب سے پہلے پاکستان اور بھارت کی کشیدگی کے بعد لائن آف کنٹرول پر پہنچ گئیں۔

ہم نیوز نے لائن آف کنٹرول پر پہنچ کر نکیال سیکٹر کے گوئی گاؤں سے نیوزلائن پروگرام میں حقائق دکھائے اور مقامی آبادی کے اصل حالات سے آگاہ کیا۔

ہم نیوز کی اینکر ڈاکٹرماریہ ذوالفقار نے نکیال سیکٹر پرموجود مقامی لوگوں سے بات چیت کی جس کے دوران ان کا کہنا تھا  کہ بھارت کی طرف سے اشتعال انگیزی کے باعث مقامی لوگوں میں خوف موجود ہے،دن بھر پاک فوج نے جارحیت کا جواب دیا۔

مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ بھارتی فائرنگ سے نظام زندگی متاثر ہوا ہے لیکن لوگوں میں جذبہ موجود ہے۔

مقامی افراد نے کہا کہ پاک فوج کے بھرپورجواب سے مقامی آبادی کا حوصلہ بہت بلند ہوا ہے، فوج ہمارے ساتھ اورہم فوج کے ساتھ ہیں۔

بھارت کا اصل چہرہ دینا کو دکھایا جائے، امجدشعیب

پروگرام نیوزلائن میں گفتگو کرتے ہوئے لیفٹینٹ جنرل (ر) امجد شیعب نے کہا کہ بھارت کی دھمکیوں سے بھارتی عوام میں بے تحاشا امیدیں پیدا ہوئیں جو پاکستان کے جواب سے بری طرح بکھری ہیں، بھارت نے پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری سمجھا۔

دفاعی ماہر امجد شعیب کا کہنا ہے کہ بھارت نے اس لیے کارروائی کہ اس نے پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری سمجھا، پاکستان بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کرکے ہی آگے بڑھ سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا ہمارا یقین نہیں کرتی کہ ہم نے اب تک بھارت کا اصل چہرہ دنیا کےسامنے بے نقاب نہیں کیا ہے۔

امجد شعیب نے کہا کہ بھارت نے ماضی میں قیدیوں کے ساتھ براسلوک کیا جبکہ پاکستان نے انہیں صحت مند حالت میں واپس کیا تھا۔ بھارت کی پالیسیوں کا پورے خطے کونقصان ہوا ہے کہ امن داو پرلگ گیا ہے۔

پاکستان کو اب جنگ سفارتی سطح پرلڑنی ہوگی، رمیش کمار

ڈاکٹررمیش کمار کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان کا امن کا پیغام لے کر گیا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں ہے، ماحول کو ٹھنڈاکرنے کی کافی کوشش کی،یہ بھی بتایا تھا کہ اگر پاک فوج نے جواب دیا تو توبہت سخت ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان نے آج بھی مذاکرات کی بات کرکے سب کے دل جیت لیے۔بھارت کو بتایا کہ ماضی سیکھنے کے لیے ہوتا ہے، رہنے کے لیے نہیں۔

رمیش کمارنے کہا کہ بھارت میں الیکشن پاکستان مخالفت میں لڑے جاتے ہیں لیکن پاکستان میں حملے کے باوجودامن کی بات کی جارہی ہے، پاکستان کو سفارتی سطح پراب یہ جنگ لڑنی چاہیے۔

پاکستان کے حصے کا سچ دنیا کے سامنے پیش نہیں کیا گیا،عمران ملک

بریگیڈئیر(ر)عمران ملک کا کہنا ہے کہ بھارت کی ساری توجہ بیانیہ بہترکرنے پرہے، ان کا میڈیا بھی اس میں ان کا بھرپورساتھ دے رہا ہے، ہمارے حصے کا سچ دنیا کے سامنے کبھی پیش ہی نہیں کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ او آئی سی کو اب ایک موقف لیتے ہوئے بھارت کی دعوت ختم کرنی چاہیے ورنہ پاکستان کو اس کا بائیکاٹ کرنا چاہیے۔

 


متعلقہ خبریں