اعتزاز احسن کا حکومت کو اہم مشورہ



اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزازاحسن نے کہا ہے کہ اب حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارتی ووٹرز کو بتائے کہ ان کے وزیراعظم نے ان سے جھوٹ بولا ہے۔

پروگرام ندیم ملک لائیو میں میزبان ندیم ملک سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے سئینررہنما کا کہنا ہے کہ بھارت نے پاکستان کو جواب دینے پرمجبورکیا ہے، بھارت نے پاکستان میں ڈھونگ رچایا لیکن پاکستان نے بھرپورجواب دیا۔ دوجہازوں کو گرا کر فضائیہ نے قوم کو سرخرو کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی تقریر نپی تلی اور بہترین تھی، بس مجھے یہ اختلاف ہے کہ مذاکرات کی پیشکش اتنی جلدی نہیں کرنی چاہیے تھی۔

انہوں نے کہا کہ اب سب سے اہم کام بھارتی ووٹر تک یہ بات پہنچانا ہے کہ ان کے وزیراعظم نے ان سے جھوٹ بولا ہے، اگر پاکستان نے یہ کام کردیا تو بھارتی اپوزیشن اسی بات پر الیکشن میں نریندرمودی کو ناک آؤٹ کردے گا۔

خطے کے امن کے لیے مذاکرات کا راستہ اختیارکیا، خسرو بختیار

تحریک انصاف کے رہنما خسرو بختیار کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے ذمہ داری اورصداقت سے بھارت کو جواب دیا، انہوں نے امن کے قیام کے لیے پہلا قدم اٹھانے کی خود پیشکش کی، بھارت کو کہا کہ ہمیں جواب دینے کے لیے مجبور مت کریں، یہ ہر با اختیار ملک کا حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے امن کی پہلے پیشکش کی اب بھی خطے کے امن کے قیام کے لیے یہ کرنے کو تیار ہے،پاکستان عالمی برداری کو اپنے ساتھ ملانے کی پوری کوشش کررہا ہے۔

خسرو بختیار کا کہنا تھا کہ پاکستانی فوج سات لاکھ یا دس لاکھ نہیں ہے، بلکہ پورے ملک کے عوام فوج کا حصہ اور ساتھ ہیں۔امریکہ سمیت دنیا بھر سے توقع ہے کہ وہ اپنے کردار ادا کریں۔

اب پاکستان کی سفارتی جنگ ہے، قمرزمان کائرہ

پیپلزپارٹی کے رہنما قمرزمان کائرہ نے کہا کہ پاکستان  بھارتی عزائم کو دنیا میں بے نقاب کرے کہ وہاں الیکشن کے لیےبہت خطرناک ماحول بناہوا ہے۔ اب پاکستان کو مضبوط سفارت کاری کی ضرورت ہے۔

عالمی برداری اپنا کردار ادا کرے، اطہرعباس

سابق ڈی جی آئی ایس پی آر اطہرعباس کا کہنا ہے کہ جو بھی ہوا اب امن کی طرف ہی راستہ ہے۔ بھارت کا رویہ انتہائی جارحانہ ہوگیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برداری کی ذمہ داری ہے وہ اپنا کردار ادا کرے اور بھارت کو اپنی اصلی جگہ پرلائے۔

بھارت کو ہر طرح کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں، سہیل امان

سابق ائیرچیف سہیل امان نے کہا کہ ائیرفورس نے بہت پروفیشنل انداز میں آپریشن کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان حالات معمول پرآنے چاہئیں کہ اب بھارت کو بہت نقصان ہوچکا ہے اور اگر پھر کوئی ایسی حرکت ہوئی تو پاکستان کو پھر جواب دینا پڑے گا، جب جنگ شروع ہوتی ہے تو جیتنے کے لیے ہرہتھیاراستعمال کیا جاتا ہے۔

سہیل امان نے کہا کہ بھارت کو فضائی طورپربھرپورجواب دینے کے لیے ہم تیار ہیں، ہمارے پاس بہترین حکمت عملی ہے۔


متعلقہ خبریں