بھارتی قیادت ہوش کے ناخن لے، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان



گلگت: وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمٰن نے بھارتی جارحیت پر پاک فضائیہ کے بھرپور جواب پر پاکستانی شاہینوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

ایک ویڈیو بیان میں ان کا کہنا تھا کہ یہ بھارت کےلئے پیغام ہے کہ وہ جنگی جنون اور جنوبی ایشیاء میں بدامنی کی منفی سوچ ترک کرے۔

حافظ حفیظ الرحمٰن نے کہا کہ جنگ و جدل مسائل کا حل نہیں، اب بھی وقت ہے کہ بھارتی قیادت ہوش کے ناخن لے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو اس کی جارحیت کا جواب مل گیا، اب بھی وقت ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی دانش مندی کی راہ اپنائیں۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج نے ثابت کردیا کہ مادر وطن کے ایک ایک انچ کا دفاع کرنے کی صلاحیت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی خود مختاری، سالمیت اور عزت و وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

پاک فضائیہ کا ’سرپرائز‘

خیال رہے کہ آج صبح پاک فضائیہ نے بھارتی جارحیت کے ردعمل میں کارروائی کرتے ہوئے دو بھارتی طیارے مار گرائے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ایک طیارہ آزاد کشمیر جبکہ دوسرا مقبوضہ کشمیر میں گرا۔ ایک پائلٹ کو حراست میں بھی لے گیا۔

بعدازاں قوم سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے اپنے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جنگ شروع ہوئی تو نہ آپ کے اور نہ میرے کنٹرول میں ہوگی۔

انہوں نے ایک مرتبہ پھر مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ بھارت آئے مل کر بات چیت سے مسئلہ حل کرتے ہیں۔

دوسری جانب میجر جنرل آصف غفور نے بھی وزیراعظم کی طرح بھارت کو مسائل حل کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ بھارت پاکستان کی پیشکش پر ٹھنڈے دل سے غور کرے کہ خطے کو کس طرف لے کرجانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کی بھی چاہیے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان پیدا ہونے والے حالات پر نظر رکھے۔


متعلقہ خبریں