آصف علی کی جارحانہ اننگز، اسلام آباد کی فتح

| آصف علی کی جارحانہ اننگز، اسلام آباد کی فتح

دبئی: پاکستان سپر لیگ کے 18ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونئیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

کراچی کی پہلی وکٹ 23 رنز پر گرگئی تاہم بابر اعظم اور لونگ اسٹون کے درمیان شاندار شراکت نے کراچی کی پوزیشن مستحکم کردی۔

تاہم لونگ اسٹون کے آؤٹ ہونے کے بعد کراچی کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا اور ایک موقع پر 11ویں اوور میں 101 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ کی پوزیشن سے کراچی اپنے مقررہ 20 اوورز میں صرف 168 رنز ہی بنا پایا۔

مزید پڑھیں: لاہور کوئٹہ کیخلاف آٹھ وکٹوں سے کامیاب

بابر اعظم 68 اور لنگ اسٹون 58 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ اسلام آباد کی جانب سے رومان رئیس نے تین جبکہ شاداب خان، عماد بٹ اور فہیم اشرف نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین لوٹایا۔

جواب میں اسلام آباد کا آغاز اچھا نہ تھا اور پہلے ہی اوور میں ڈیلپورٹ کی صورت میں اس کی پہلی وکٹ گرگئی۔

اسلام آباد کی اگلی دو وکٹیں بھی جلد ہی گرگئیں تاہم سالٹ اور آصف علی کے درمیان شراکت نے میچ کا پانسا پلٹ دیا۔

آصف علی نے 70 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں انہوں نے چھ چھکے اور پانچ چوکے بھی لگائے۔

کراچی کنگز نے اختتامی اوورز میں کچھ وکٹیں حاصل کیں تاہم اس وقت تک میچ پوری طرح اسلام آباد کے پلڑے میں آچکا تھا۔

کنگز کی جانب سے عمر خان نے دو جبکہ عماد وسیم، شنواری اور محمد عامر نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔


تازہ ترین

پوائنٹس ٹیبل
ٹیم میچز پوائنٹس
کراچی کنگز 5 6
پشاور زلمی 5 6
اسلام آباد یونائیٹڈ 4 6
لاہور قلندرز 4 6
ملتان سلطانز 4 2
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 5 2