پاک بھارت کشیدگی: ترکی نے ثالثی کی پیشکش کردی


اسلام آباد: پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی کشیدگی ختم کرانے کے لیےترکی نے ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کردی ہے۔

ترکی کے نشریاتی ادارے ’ٹی آرٹی‘ کے مطابق ترکی کے وزیر خارجہ میولود چاوش اولو کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے  درمیان موجود مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کرانے کی خاطر ہر طرح کا تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔

ٹی آر ٹی کے مطابق ترکی کے وزیرخارجہ نے دعویٰ کیا کہ ہم نے اپنے اس مؤقف سے پاکستان کو آگاہ بھی کردیا ہے۔

ترکی کے وزیرخارجہ میولود چاوش اولو نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی پرہمیں خدشات لاحق ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ترکی درپیش مسائل کے حل میں معاون و مددگار ہونے کے لیے تیار ہے۔

ٹی آرٹی کے مطابق ترکی کے وزیر خارجہ میولود چاوش اولو نے پاکستان کے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ٹیلی فون پر تین بار بات چیت کی اور پاکستان کے مؤقف کی کھل کر حمایت کی۔

ترکی کے وزیرخارجہ نے بات چیت میں یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ ترکی کی حکومت بھارتی جارحیت کی صورت میں پاکستان کی کھل کر حمایت کرے گی۔

ترکی کے وزیر خارجہ سے قبل اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے بھی پاک بھارت کشیدگی ختم کرانے کے لیے ثالثی کا کردار ادا کرنے پر آمادگی ظاہر کی تھی۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیریس نے پاک بھارت کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک پر زور دیا تھا کہ وہ کشیدگی کم کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان اور بھارت رضامند ہوں تو وہ (اقوام متحدہ) ان کے درمیان تصفیہ کرانے کو بھی تیار ہیں۔

پاکستان کے وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بھی بھارتی طرزعمل سے پیدا ہونے والی کشیدگی ختم کرانے کے لیے اقوام متحدہ سے مداخلت کا مطالبہ کیا تھا۔ یہ مطالبہ انہوں نے سیکریٹری جنرل کو لکھے گئے خط میں کیا تھا جو تقریباً ڈیڑھ ہفتہ قبل بھیجا گیا تھا۔

پاکستان کے وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی گزشتہ دنوں اقوام متحدہ کو دو خطوط اس ضمن میں لکھ چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں