کبیر والا میں اسکول کی چھت گر گئی، متعدد بچے زخمی



کبیر والا: پنجاب کے علاقے کبیر والا میں اسکول کی چھت گر گئی۔ 40 بچے ملبے تلے دب گئے۔

ریسکیو کے مطابق کبیر والا کے علاقے عبدالحکیم میں اسکول کی چھت گرنے سے 40 بچے ملبے تلے دب گئے تاہم مقامی افراد نے فوری امدادی کارروائی کرتے ہوئے 25 بچوں کو ملبے تلے سے زندہ نکال لیا۔

مقامی افراد کے مطابق تاحال ملبے تلے 15 بچے دبے ہوئے ہیں جن کو نکالنے کی کوششیں کی جا رہی ہے جب کہ زخمی ہونے والے بچوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔ شدید زخمی ہونے والے بچوں کو سی ایم ایچ منتقل کیا گیا ہے۔

اسکول میں نرسری اور کلاس ون کے بچے زیر تعلیم تھے جو ملبے تلے دب گئے۔

ریسکیو کی جانب سے ملبے تلے دبے دیگر بچوں کو نکالنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں

کراچی میں 3 منزلہ عمارت منہدم، 3 افراد جاں بحق ،2 زخمی

ایک ہفتہ قبل گجرانوالہ کے علاقہ اروپ میں بھی اسکول کی چھت گرنے کا واقع پیش آیا تھا جس میں ایک استاد جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے تھے۔

رواں ماہ قصور کے نواحی گاؤں نور پور میں مکان کی چھت گرنے سے چار افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔

تین روز قبل کراچی کے علاقے ملیر جعفر طیار سوسائٹی میں تین منزلہ رہائشی عمارت گر گئی تھی جس میں ملبے تلے دب کر تین افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔

ملبے تلے دب کر جاں بحق ہونے والوں میں دو خواتین بھی شامل تھیں۔ ملبے سے ایک بچے کو بھی زخمی حالت میں نکالا گیا تھا جو اسکول یونیفارم پہنے ہوئے تھا اور اسکول جانے کی تیاری کر رہا تھا۔

ریسکیو کے مطابق مکان کی حالت انتہائی خستہ تھی جب کہ ملبے تلے دب کر جاں بحق ہونے والوں میں 50 سالہ رفیع، 30 سالہ روبینہ، 10 سالہ ایمان فاطمہ اور تین سالہ جان محمد شامل تھے۔


متعلقہ خبریں