جعلی خبریں خطے میں انتشار کا باعث


اسلام آباد: سوشل میڈیا ایکسپرٹ اسد بیگ نے کہا ہے کہ بھارتی شخصیات کی ٹویٹس دیکھ کر بہت زیادہ افسوس ہوا۔

ہم نیوز کے پروگرام “صبح سے آگے” میں میزبان اویس منگل والا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ افسوس اس بات کا ہے کہ بھارتی آرٹسٹس پر کس قدر دباؤ ہے۔ ان کو یہ لگتا ہے کہ اگر وہ بھارتی فوج کے حق میں بات نہیں کریں گے تو ان پر پاکستانی ایجنٹ ہونے کا ٹھپہ لگ جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ دباؤ اس قدر زیادہ ہے کہ دو دن پہلے تک جو لوگ پاک بھارت تعلقات میں بہتری لانے کی باتیں کر رہے تھے آج ان کے بیانات بدل چکے ہیں اور وہ پاکستان کے خلاف ٹویٹس کر رہے پیں۔

سوشل میڈیا پر پھیلنے والی فیک (جعلی) نیوز کے حوالے سے اسد بیگ نے بتایا کہ پڑھے لکھے لوگ بھی بے تکی اور جھوٹی خبریں پھیلانے میں مصروف نظر آتے ہیں۔ خبر کی تصدیق کیے بغیر اسے واٹس ایپ گروپ سمیت ہر جگہ پھیلا دیا جاتا ہے۔ جس کے بعد خطے میں انتشار پھیلنے کا خطرہ ہوتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے ہمارے ملک کے وزیرعظم اور فوج بہت پرسکون نظر آتے ہیں۔ ان کی جانب سے امن اور دوستی کا پیغام دیا جا رہا ہے جب کہ دوسری جانب کچھ لوگ جنگ شروع ہونے کی عجیب و غریب خبیرں پھیلانے میں مصروف ہیں۔

عوام سے درخواست کرتے ہوئے اسد بیگ کا کہنا تھا کہ نامعلوم ذرائع سے آنے والی کسی بھی خبر کو سچ سمجھ کر آگے نہ پھیلائیں بلکہ اس خبر کی حکومتی ذرائع یا ٹیلی ویژن چیلنز سے تصدیق ہونے کا انتظار کریں۔


متعلقہ خبریں