کئی گھنٹوں کی فضائی پابندی کے بعد پروازیں اڑان بھرنے لگیں


اسلام آباد: 31 گھنٹوں کی فضائی پابندی کے بعد پروازیں اڑان بھرنے لگیں۔

نیو اسلام آباد ایئرپورٹ سے نجی ایئرلائن کی فلائٹ پی اے 210 دبئی کے لیے روانہ ہوگئی۔ ادھر کراچی سے پی کے 370 اسلام آباد کے لیے روانہ ہوئی ہے۔

اس کے علاوہ تین پروازیں دس بجے روانہ ہونگی۔ پہلی کراچی سے دبئی، دوسری جدہ اور تیسری مدینہ روانہ ہوگی۔

اس سے قبل پاکستان نےاپنی فضائی حدود چار مارچ دوپہر ایک بجے تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا۔

ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق صرف کراچی، پشاور اسلام آباد اور کوئٹہ ائر پورٹ پر محدود پروازیں اڑان بھر سکیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک سے گزرنے والی پروازیں کھلنے والے ائرپورٹس سے ہی محدود وقت کے اندر گزر سکیں گی. سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے کراچی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ ایئرپورٹ  پرکمرشل فلائٹس کے لیے فضائی آپریشن بحال کردیا ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے نوٹم میں جہازوں کے فضائی حدود میں داخلے کےلیے مخصوص روٹس بھی بتائے گئے ہیں۔  تاہم لاہور،سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان سمیت دیگر ایئرپورٹ کھولنے کا فیصلہ  تاحال نہیں کیا گیا۔

اس سے قبل جاری ہونے والے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ناٹم کے مطابق پاکستان میں فضائی آپریشن دن ایک بجے بحال ہونا تھا۔ ۔پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں  اسلام آباد، کراچی، لاہور، کوئٹہ، پشاور، سیالکوٹ سمیت ملک بھر کے تمام ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن معطل ہے۔

دو دن میں 320 مقامی اور بین الاقوامی سٹیشن کو جانے اور آنے والی پروازیں منسوخ ہوئیں 85ہزار سے زائد مسافر سفری سہولت سے محروم رہے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، چین، برطانیہ، روس، افغانستان ہانگ کانگ، قطر اور ملائشیا کی پروازیں بھی منسوخ ہوئیں۔

اس سے قبل گزشتہ روز سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے  فضائی حدود آج شام 6 بجے کے بعد بحال کرنے کا اعلان کیا تھا۔

دوسری طرف سول ایوی ایشن کی طرف سے اس اعلان کے باوجود گزشتہ روز ملتان اور لاہور سے سعودی عرب اور دبئی کے لیے فلائٹس روانہ ہوئی ہیں۔

سی اے اے  نے پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر رات کے اوقات میں بلیک آؤٹ کرنے کا بھی فیصلہ کر لیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سی اے اے کا الیکٹرک ڈپارٹمنٹ پارکنگ لائٹس، کارگو، آرمی کے زیر استعمال علاقہ اور اسٹریٹ لائٹس کو بند کر دے گا۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق انتظامیہ نے بلیک آوٹ کی صورت میں جنریٹر اور بجلی کے آلات چلانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

یاد رہے پاک بھارت کشیدگی کے بعد پاکستان نے اپنے تمام ائیر پورٹس پر فضائی آپریشن معطل کردیا تھا جبکہ بھارت نے بھی اپنے مختلف ائیر پورٹس پر فضائی آپریشن معطل کیا تھا۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے کراچی، لاہور، اسلام آباد، سیالکوٹ، پشاور اور ملتان سمیت ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر فضائی آپریشن بند کرنے کےاحکامات دیے تھے۔ ملک بھر میں اندرون اور بیرون ملک جانے والی پروازیں روک دی گئی تھیں۔

ذرائع کے مطابق موجودہ صورتحال کے پیش نظر پاکستان ریلوے نے بھی سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی ہے۔ ریلوے حکام نے بھی ملک بھر میں ریلوے پولیس سیکیورٹی کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔

واضح رہے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے یہ اقدام اس وقت کیا گیا جب پاکستانی فضائیہ نے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرنے پر دو بھارتی طیارے مار گرائے۔

بھارت کی جانب سے گزشتہ دو روز سے سرحدی علاقوں میں کشیدگی جاری ہے تاہم آج پاکستان نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی طیارے مار گرائے جس کے بعد دونوں ممالک کے کے مابین صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی ہے۔


متعلقہ خبریں